کوئٹہ (رپورٹر)نیشنل پارٹی کے مرکزی جوانٹ سیکرٹری میران بخش بلوچ سعد دہوار صوبای کسان سیکرٹری حاجی ملک غلام فاروق شاہوانی چہرمین اسلم بلوچ ملک نصیر شاہوانی ملک منظور شاہوانی اعیظم کرد اغا قاسم شاہ آغامحمدشاہ الیاس مینگل ارشاد لانگو میرواعظ شاہوانی پر ایک وفد نے گزشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبای رہنما حاجی ریاض شاہوانی سے ایک اہم ملاقات ملاقات میں اس بات پر مکمل اتفاق کیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں سریاب کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے دونوں جماعتیں ایک مشترکہ اور ہم آہنگ حکمتِ عملی اختیار کریں گی۔ اجلاس میں علاقے کی مجموعی صورتحال، بنیادی سہولیات کی کمی، ترقیاتی منصوبوں کی سست رفتاری اور عوامی مشکلات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ رہنماؤں نے کہا کہ سریاب کے مسائل سیاسی نعرے بازی سے نہیں بلکہ سنجیدہ مشاورت، مضبوط فیصلہ سازی اور عملی اقدامات سے حل ہوں گے۔
اجلاس میں شریک مرکزی رہنماوں نے اس بات کو واضح کیا کہ سریاب گزشتہ کئی برسوں سے بنیادی سہولتوں کی شدید کمی کا شکار ہے۔ علاقے میں پینے کے صاف پانی کی قلت، سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ، صفائی اور نکاسی آب کے ناقص نظام، سرکاری تعلیمی اداروں کی حالتِ زار، صحت کی بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی اور بڑھتے ہوئے سماجی مسائل نے عوام کو مشکلات میں مبتلا کر رکھا ہے۔ دونوں جماعتوں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے متحدہ سیاسی سوچ اور مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔
رہنماؤں نے کہا کہ نیشنل پارٹی اور پیپلز پارٹی دونوں کا بنیادی مقصد عوامی خدمت ہے اور اسی مقصد کے تحت بلدیاتی سطح پر مشترکہ تعاون بڑھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات دراصل عوام کی دہلیز تک اختیارات کے منتقلی کا ذریعہ ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ سریاب کے عوام کو ایک ایسا بلدیاتی نظام فراہم کیا جائے جو شفاف، منصفانہ، فعال اور عوام دوست ہو۔
اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے مشترکہ سفارشات، عوامی رابطہ مہم، نوجوانوں کی شمولیت، خواتین کی نمائندگی اور علاقائی مسائل کے حل کے لیے عملی منصوبہ بندی کو مضبوط بنایا جائے گا۔ دونوں جماعتوں کے نمائندوں نے کہا کہ وہ بلدیاتی الیکشن میں ایک دوسرے کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے تاکہ علاقے میں بہتر طرزِ حکمرانی اور خدمتِ خلق کی مثال قائم کی جا سکے۔

