پسنی(رپورٹر) ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے میونسپل کمیٹی پسنی کا غیر اعلانیہ اور ہنگامی دورہ کیا۔
جس میں انہوں نے میونسپل کمیٹی کی کارکردگی خصوصاً شہر کی صفائی ستھرائی کے خراب ترین انتظامات پر سخت عدم اطمینان کا اظہار کیا۔
ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے اس موقع پر شہر کے حالات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ پسنی جیسے اہم شہر میں صفائی کا کوئی مربوط نظام موجود نہیں۔ گلی محلوں میں کچرے کے ڈھیر، بند نالیاں اور نکاسی آب کے مسائل عوام کو شدید مشکلات میں مبتلا کر رہے ہیں۔
مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے چیئرمین میونسپل کمیٹی پسنی میر نور احمد کلمتی کو سختی سے ہدایت جاری کی کہ ایک ماہ کے اندر اندر شہر کی صفائی ستھرائی، کچرے کی اصولی تلفی، نالیوں کی صفائی کی بحالی سمیت تمام معاملات میں واضح اور قابلِ دید بہتری سامنے آنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مقررہ مدت میں نتائج سامنے نہ آئے تو ذمہ داروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔
انہوں نے پسنی کے عوام سےاپیل کی کہ وہ میونسپل کمیٹی کے ساتھ تعاون کریں اور صفائی کے حوالے سے جہاں بھی کوئی مسئلہ ہو، انتظامیہ کو فوری طور پر آگاہ کریں تاکہ مسائل بروقت حل کیے جا سکیں۔

