پسنی(رپورٹر) ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے ضلع گوادر کے ساحلی شہر پسنی میں تعلیمی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری اسکول پسنی اور گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول پسنی کا تفصیلی دورہ کیا۔
دورے کا آغاز گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری اسکول سے ہوا جہاں پرنسپل حاجی مولا بخش نے ایم پی اے کا استقبال کیا اور ادارے کی تعلیمی سرگرمیوں، داخلہ صورتحال اور اساتذہ کی کمی بیشی سے متعلق بریفنگ دی۔
انہوں نے اسکول میں جاری کلاس رومز کی مرمت، سائنس لیبارٹری کے آلات کی فراہمی، پینے کے صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولیات سے متعلق تفصیلات پیش کیں۔ ایم پی اے نے مختلف کلاسز کا معائنہ کیا، طلبہ سے تعلیمی معاملات پر سوالات کیے، اور انہیں بہتر کارکردگی کی تلقین کی۔
بعد ازاں مولانا ہدایت الرحمان بلوچ گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول پسنی پہنچے جہاں اسکول کی ہیڈ مسٹریس میڈم سمیرہ نے انکو اسکول کے مختلف حصوں کا دورہ کروایا۔ انہوں نے لڑکیوں کی تعلیمی کارکردگی، سہولیات کی کمی اور زیر التوا ترقیاتی منصوبوں سے متعلق آگاہ کیا۔ خاص طور پر انہوں نے گرلز اسکول میں اضافی کلاس رومز، فرنیچر، آئی ڈی لیب کی بہتری کی ضرورت پر زور دیا۔
ایم پی اے نے دونوں اسکولوں کے مسائل غور سے سنے اور کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی کی بنیادی ستون ہے، اس لیے تعلیمی اداروں کی بہتری کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے اسکول انتظامیہ کو یقین دلایا کہ اسکولوں کے درپیش مسائل متعلقہ حکام تک پہنچانے کے ساتھ ساتھ بجٹ اور ترقیاتی منصوبوں میں انہیں ترجیح دی جائے گی۔
انہوں نے اساتذہ کی حاضری، طلبہ کی دلچسپی، اور اسکول ماحول کو بہتر بنانے کے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ بہتر تعلیمی ماحول کے لیے اساتذہ اور حکومت کا باہمی تعاون ناگزیر ہے۔
مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے دورے کے اختتام پر بتایا کہ وہ جلد ایک اور دورہ کر کے جائزہ لیں گے تاکہ اسکولوں میں بہتری کے واضح نتائج سامنے آ سکیں، اس موقع پر ان کے ہمراہ انکے پرسنل سیکرٹری وسیم صمد بھی موجود تھے۔

