کوئٹہ (این این آئی)جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبد الرحمن رفیق، جنرل سیکرٹری حاجی عین اللہ شمس، ڈپٹی جنرل سیکرٹری حاجی بشیر احمد کاکڑ، اراکین زرغون ٹاؤن کمیٹی میر فاروق لانگو، مولانا محمد شعیب جدون نے زرغون ٹاؤن کمیٹی کے زیراہتمام یونین کونسل 5 اور 6 کی 8 وارڈز پر ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کوئٹہ کے بنیادی مسائل پر ایک جامع انتخابی وڑن پیش کرے گی اور اسی وڑن کے تحت انتخابی میدان میں بھرپور حصہ لے گی۔انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کے سب سے زیادہ کونسلرز بلا مقابلہ منتخب ہوئے ہیں، جو ایک کامیاب مستقبل کی نوید ہے۔ اجلاس میر فاروق لانگو کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا، جس کی صدارت امیر یونٹ زرغون ٹاؤن مولانا محمد ادریس نے کی۔اس موقع پر ممبران مرکزی کمیٹی و ضلعی مجلس عاملہ، ناظم مالیات حاجی صالح محمد، جوائنٹ سیکریٹری حافظ مسعود احمد، مولوی دین محمد اور یونٹ کے دیگر ذمہ داران و کارکنان نے بھرپور شرکت کی۔ اجلاس میں وارڈ سطح پر تنظیمی حکمت عملی، عوامی رابطہ مہم، اور انتخابی تیاریوں پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ مقررین نے بلدیاتی انتخابات کو جماعتی خدمت کا اہم مرحلہ قرار دیتے ہوئے اتحاد و نظم کی ضرورت پر زور دیا۔

