عمران بھارت سے جنگ کے دوران بھی غلط زبان استعمال کرتا رہا، انکی شناخت پاکستان دشمن کی ہے،خواجہ آصف

سیالکوٹ (این این آئی)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان بھارت سے جنگ کے دوران بھی غلط زبان استعمال کرتے رہے، ان کی شناخت پاکستان دشمن کی ہے،ڈی جی آئی ایس پی آر نے محتاط زبان استعمال کی، ان کے اینٹ کا جواب پتھر سے دے سکتا ہوں، اس قسم کے رویے اختیار کریں گے تو اسی طرح کی زبان استعمال کی جائے گی،ان خان کی بہن غیر سیاسی ہیں، انہوں نے بھارتی میڈیا سے جو بات کی کیا وہ کوئی پاکستانی کر سکتا ہے، کیا اس مٹی کے ساتھ ان کا کوئی رشتہ نہیں ہے؟۔میڈیا سے گفتگو کے دوران خواجہ آصف نے کہا کہ جنگ کے دوران ہمارے دوست ہمارے بھائی ہمارے ساتھ کھڑے رہے، ایک سیاسی پارٹی نے وہ کردار ادا نہیں کیا، بانی پی ٹی آئی ہر چیز پر بولتا ہے اس وقت کیوں نہ بولا؟ بانی پی ٹی آئی جنگ کے دوران بھی غلط زبان استعمال کرتے رہے، وہ اس وقت بھی غلط زبان استعمال کرتے رہے۔خواجہ آصف نے کہا کہ یہ کس طرح اپنے آپ کو پاکستانی کہلوا سکتے ہیں، بھارت کے خلاف جنگ کے دوران پاکستان کے اندرون خانہ کچھ لوگوں نے وہ کردار ادا نہ کیا جو انہیں کرنا چاہیے تھا، بانی پی ٹی آئی کیوں اپنے جوانوں کے حق میں نہ بولے۔انہوں نے کہا کہ سیاست کرنی ہے تو احتجاج کریں سب کچھ کریں، ماضی میں ہم نے بھی فوج پر تنقید کی، اپنے مجاہدین اور شہیدوں کے حق میں آواز اٹھائیں، طالبان کے حق میں آواز نہ اٹھائیں۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردوں کی حمایت نہ کریں، ان کے ساتھ پیار محبت کی باتیں نہ کریں، بھتہ ادا نہ کریں، ہمیں چاہیے شہدا کے حق میں آواز اٹھائیں، دہشت گردوں سے بات چیت کی باتیں نہ کریں۔وزیر دفاع نے کہا کہ آپ کو سیاست کرنی ہے کریں تاہم پاکستان کی سرزمین، غیرت کو نہ للکاریں، جب اس قسم کے رویے رکھے جائیں تو اس قسم کی زبان استعمال کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کے لیڈر کی بہن غیر سیاسی خاتون ہیں، بھارتی میڈیا سے جو بات انہوں نے کی کیا وہ کوئی پاکستانی کر سکتا ہے؟ کیا بھارتی میڈیا میں کوئی ایسی گفتگو کر سکتا ہے؟

اپنا تبصرہ بھیجیں