لاہور(این این آئی)نامور گلوکارہ میگھا نے کہا ہے کہ میرے پاس آج بھی فلموں اور اسٹیج ڈراموں میں کام کرنے کیلئے آفرز موجود ہیں لیکن گلوکاری کی مصروفیات کی وجہ سے حامی نہیں بھر سکتی،اردو کے ساتھ پنجابی فلمیں بنیں گی تو ہی فلم انڈسٹری پائیدار ترقی حاصل کرے گی، یہ کہنا درست نہیں کہ پنجابی فلموں کا دور گزر گیا ہے کیونکہ ہمارے ہمسایہ ممالک میں پنجابی فلمیں کامیابی کے ریکارڈ توڑ رہی ہیں۔ ایک انٹر ویو میں میگھا نے کہا کہ میں دعا گو ہوں کہ پاکستان کی فلم انڈسٹری دوبارہ ترقی کرے تاکہ وہ سینکڑوں خاندان جو دہائیوں سے اس سے وابستہ تھے ان کا روزگار بحال ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ میرا دعویٰ ہے کہ اسکرپٹ جاندار ہو تو فلم کبھی ناکام نہیں ہو سکتی، آج ہمسایہ ملک کی پنجابی فلمیں ان کی اردو فلموں سے زیادہ بزنس کر رہی ہیں،ہم تو عروج حاصل کر کے تنزلی کی طرف آئے ہیں، اگر عزم کے ساتھ محنت کی جائے تو فلم انڈسٹری کو دوبارہ پاؤں پرکھڑ اکرنا کوئی مشکل کام نہیں۔

