راحت فتح علی خان(کل)51ویں،بابرہ شریف 10دسمبر کو 71ویں سالگرہ منائیں گی

لاہور(این این آئی)عالمی شہرت یافتہ گائیک راحت فتح علی خان کل (منگل) اپنی 51ویں جبکہ ماضی کی نامور اداکارہ بابرہ شریف 10دسمبر کو اپنی 71ویں سالگرہ منائیں گی۔راحت فتح علی خان 9 دسمبر 1974 کو فیصل آباد میں پیدا ہوئے اور ان کو اپنے والد فرخ فتح علی خان اور نصرت فتح علی خان کے ساتھ بچپن سے ہی قوالی کی تربیت حاصل کرنے کا موقع ملا۔وہ اب تک سیکڑوں قوالیاں، گیت اورغزلیں گا چکے ہیں،پاکستان بھر میں ان کی شہرت کے بعد ہمسایہ ملک بھارت نے بھی ان کی آواز سے فائدہ اٹھایا، بھارتی فلم ”پاپ“میں ان کی آواز میں گائے ہوئے گیت ”من کی لگن“ نے بے پناہ شہرت حاصل کی۔راحت فتح علی خان اب تک کئی ڈراموں اور فلموں کے ٹائٹل سونگ بھی گا چکے ہیں،انہوں نے متعدد ملی نغمے بھی گائے ہیں۔2019 میں آکسفورڈ یونیورسٹی کی جانب سے انہیں موسیقی کے شعبے میں اعزازی طورپر پی ایچ ڈی کی ڈگری سے نوازا گیا جبکہ وہ متعدد ملکی اور غیر ملکی ایوارڈز بھی حاصل کر چکے ہیں۔ماضی کی نامور اداکارہ بابرہ شریف 10دسمبر کو اپنی 71ویں سالگرہ منائیں گی۔اداکارہ بابرہ شریف 10دسمبر 1954 میں پیدا ہوئیں اور انہوں نے اپنے کریئر کا آغاز 1973 میں اپنے پہلے ڈرامے ”کرن“سے کیا جس کے بعد وہ فلموں کی دنیا میں آگئیں اور بڑی تعداد میں فلموں میں کام کیا ہے۔انہوں نے محض 23 سال میں 150 سے زائد فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔بہترین اداکاری کے باعث بابرہ شریف کو نگار ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں