بھاگ (این این آئی) یونیسیف کے ڈسٹرکٹ منیجر محمد اعظم مری نے مڈل اسکول دارالعلوم بھاگ کا اچانک دورہ کیا جس کا مقصد اسکول میں تعلیمی و انتظامی امور کا قریب سے جائزہ لینا تھا دورے کے دوران انہوں نے کلاس رومز کا معائنہ کیا تدریسی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا اور طلبہ کے لیے فراہم کردہ سہولیات پر اپنی رائے کا اظہار کیا انہوں نے اسکول کی مجموعی کارکردگی اساتذہ کی حاضری تدریسی معیار اور صفائی ستھرائی کے نظام کو اطمینان بخش قرار دیا اس موقع پر GTA کے وائس چیئرمین حافظ عبدالحنان ایری اور ہیڈ ماسٹر ہائی اسکول بھاگ محمد طاہر سومرو بھی ان کے ہمراہ تھے انہوں نے اسکول انتظامیہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارے میں نظم و ضبط اور تعلیمی سرگرمیوں کا تسلسل قابل تعریف ہے اسکول کا مجموعی ماحول طلبہ کی تعلیم و تربیت کے لیے خوشگوار اور سازگار ہے جس سے ان کی تعلیمی کارکردگی پر مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں محمد اعظم مری نے خصوصی طور پر اسکول کی لائبریری کا تفصیلی جائزہ لیا اور لائبریری کے نظم و نسق ترتیب و آرائش ڈسپلن اور کتابوں کی دستیابی کی تعریف کی انہوں نے کہا کہ لائبریری میں کی گئی بہتری طلبہ کے لیے نہ صرف معیاری سہولت فراہم کرتی ہے بلکہ ان میں مطالعے کا شوق بھی بیدار کرتی ہے انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ لائبریری کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی کوششیں جاری ہیں اور اس کے مثبت نتائج واضح طور پر نظر آرہے ہیں دورے کے اختتام پر لائبریری انچارج نبی بخش اور ہیڈ ماسٹر سلیم احمد مستوئی نے UNICEF کی جانب سے فراہم کردہ تعاون اور تعلیمی سہولیات کی بہتری کے لیے کیے گئے اقدامات پر دلی شکریہ ادا کیا انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ UNICEF آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ علاقے میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا اور اسکولوں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے میں اپنا تعاون جاری رکھے گا۔

