اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان آئرن برادرز ہیں، چین پاکستان کا دوسرا گھر اور پاکستان بھی چین کا دوسرا گھر ہے، چین ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوا، سیلاب زدگان کے لئے چینی کمپنیوں اور اداروں کا تعاون لائق تحسین ہے۔ وہ پیر کو یہاں مقامی ہوٹل میں چائنہ چیمبر آف کامرس ان پاکستان کے زیر اہتمام پاکستان میں فلڈ ڈیزاسٹر کے لئے عطیات کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات ایک نہ ٹوٹنے والے رشتے کی صورت میں ہیں جو ہمارے بزرگوں سے ہمیں وراثت میں ملے ہیں جس کی حفاظت اور قدر ہم ہر صورت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان قریبی تعلقات ہیں، چین ہمارے لئے دوسرا گھر ہے اور اسی طرح پاکستان بھی چین کے لئے دوسرا گھر ہے۔ وفاقی وزیر نے چین کے مختلف شہروں کے دوروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاک چین دوستی ہر موسم کی دوستی ہے، یہ دوستی ہمیشہ مستقل اور مضبوط رہی ہے،ہر مشکل وقت میں چین نے پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ چین کی رہنما چو این لائی جب پاکستان آئے تو میری والدہ اسلام آباد کی سڑکوں پر دیگر بچوں کے ساتھ چینی پرچم تھامے ان کا استقبال کر رہی تھیں، یہ وہ یادیں ہیں جن میں ہم پروان چڑھے، یہ ہماری ثقافت اور وراثت کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں ہماری نوجوان نسل نے بھی پاک چین دوستی کے حوالے سے بہت کچھ سیکھا ہے اور یہ تعلقات آج عوامی، ثقافتی اور تعلیمی سطح پر مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی جیانگ کے پاکستان کے لئے جذبہ خیرسگالی اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی عالمی مسئلہ ہے، ہم نے اس کے شدید اثرات دیکھے ہیں،پاکستان کا عالمی کاربن اخراج میں حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے جبکہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کے لحاظ سے ہم دنیا کے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب پاکستان میں شدید سیلاب آئے اور پنجاب سمیت مختلف علاقوں میں لوگ متاثر ہوئے تو چین کی طرف سے مدد اور تعاون اس وقت انتہائی اہم ثابت ہوئی،چین کی کمپنیوں اور اداروں نے اپنی سماجی ذمہ داری کے تحت ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے تعاون کیا جس سے ثابت ہوتا ہے کہ پاک چین دوستی ناقابل توڑ ہے، اس تعاون پر ہم چین کی کمپنیوں کے شکر گذار ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ جب بھی ہم مشکل حالات کا سامنا کرتے ہیں چین ہمیشہ ہمارے ساتھ کھڑا رہا ہے،چین ایک قابل اعتماد دوست ہے اور پاکستان ہمیشہ اس دوستی کے تقاضوں کو پورا کرنے کیلئے تیار رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ وقت نے ثابت کیا ہے کہ چین اور پاکستان واقعی ”آئرن برادرز“ ہیں، عوامی، ثقافتی اور تعلیمی تبادلے اس دوستی کو مزید مضبوط کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ چین چیمبر آف کامرس ان پاکستان نے پاکستان کے سیلاب زدہ علاقوں کیلئے ستمبر میں امدادی مہم کا آغاز کیا جس میں رکن کمپنیوں کی بھرپور شرکت دیکھنے میں آئی۔ اب تک 32 کمپنیوں نے تقریباً 34 ملین روپے سے زائد رقم امدادی سامان کی خریداری اور تقسیم کے لئے جمع کی۔ اس امداد میں خوراک، پینے کے پانی، کمبل، مچھر دانیاں اور واٹر پروف ترپال جیسی بنیادی اشیاء شامل ہیں جو متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر درکار ہیں۔

