کوئٹہ(این این آئی)کلکٹرز کسٹم بلوچستان داود پیرزادہ سے منگل کو کوئٹہ چیمبر آف سمال انڈسٹری کے سینئر نائب صدر تاج محمد خان بڑیچ اور پاک ایران مشترکہ چیمبر آف کامرس کے سینئر نائب صدرنعیم الرحمن نوزئی اوردیگر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں تاجر برادری کو درپیش فوری نوعیت کے مسائل اجاگر کئے گئے، خصوصاً تازہ پھلوں اور سبزیوں کی وہ کھیپ جو این ایل سی کی جانب سے اصل جی ڈی پر کلیئر ہو چکی ہوتی ہیں انہیں مختلف کسٹمز چیک پوسٹوں پر روک لیا جاتا ہے جس سے سامان کو نقصان پہنچتا ہے۔نمائندوں نے مطالبہ کیا کہ ایکسپورٹرز پر اضافی بوجھ ڈالنے والے بانڈڈ بیریئر کا خاتمہ کیا جائے جبکہ تفتان بارڈر پر تازہ پھلوں اور سبزیوں کو گرین چینل کی سہولت فراہم کی جائے اس کے علاوہ تفتان،میرجاوہ سرحد کو 24 گھنٹے کھلا رکھنے اور خراب ہونے والی اشیاء کے لیے علیحدہ راستہ قائم کرنے کی بھی درخواست کی گئی تاکہ فوری کلیئرنس ممکن ہو۔کلیکٹرز کسٹم بلوچستان داؤد پیرزادہ نے وفدکے مسائل غور سے سنے اورانہیں حل کرانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔

