اسلام آباد (این این آئی)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ حکومتِ پاکستان انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کیلئے پْرعزم ہے،کمزور اور پسماندہ طبقات پر خصوصی توجہ دی جائے اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے قانونی، معاشی اور سماجی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنایا جائے،ہمیں سول سوسائٹی، انسانی حقوق کے علمبرداروں، قومی اداروں اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر اپنی مشترکہ اقدار کا تحفظ کرنا ہوگا۔ انسانی حقوق کے بین الاقوامی دن پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ آج کے دن ہم ہر فرد کی عزت، مساوات اور انصاف کے تحفظ کے عزم کی تجدید کرتے ہیں، چاہے اس کا تعلق کسی بھی نسل، مذہب، جنس، زبان یا سماجی حیثیت سے ہو۔ یہ دن ہمیں اس عزم کی یاد دلاتا ہے کہ ہم سب انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ کیلئے کوششیں جاری رکھیں، ہمارا مذہب انسانی وقار، دوسروں کے احترام اور تمام انسانوں کی آزادی اور مساوات کو بے حد اہمیت دیتا ہے۔انہوں نے کہاکہ آئینِ پاکستان ہر شہری کو، بغیر کسی ذات، نسل، مذہب یا رنگ کے امتیاز کیآزادی کی ضمانت دیتا ہے، حکومتِ پاکستان انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کیلئے پْرعزم ہے اور تمام شہریوں کی آزادی، وقار اور خود اعتمادی کے تحفظ کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ ہم اس ضرورت کو تسلیم کرتے ہیں کہ کمزور اور پسماندہ طبقات پر خصوصی توجہ دی جائے اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے قانونی، معاشی اور سماجی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنایا جائے۔انہوں نے کہاکہ ہمارا عزم ہمارے عمل میں جھلکنا چاہیے، ہمیں احترام، برداشت اور باہمی وقار کا ایک ایسا ماحول پیدا کرنا ہوگا جہاں ہر فرد خود کو محفوظ اور بااختیار محسوس کرے،ہمیں اپنے لوگوں بالخصوص خواتین، بچوں، اقلیتوں اور خصوصی افرادکو قومی زندگی میں بھرپور شرکت کے قابل بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں سول سوسائٹی، انسانی حقوق کے علمبرداروں، قومی اداروں اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر اپنی مشترکہ اقدار کا تحفظ کرنا ہوگا۔صدر زر داری نے کہاکہ قائدِ اعظم محمد علی جناح نے پاکستان کو ایک ایسی ریاست کے طور پر تصور کیا تھا جہاں ہر مذہب اور پس منظر سے تعلق رکھنے والے لوگ ہم آہنگی اور وقار کے ساتھ رہ سکیں۔ اس وڑن کا احترام کرنا اور ایک زیادہ جامع معاشرہ تشکیل دینا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہاکہ میں سرکاری اداروں، سول سوسائٹی، میڈیا، غیر سرکاری تنظیموں اور شہریوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ملک میں انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔ میں اقوام متحدہ کو بھی اس دن کو عالمی سطح پر منانے پر خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہاہک آئیے آج انسانی حقوق کے بین الاقوامی دن پر اس عہد کی تجدید کریں کہ ہم انسانی وقار کا دفاع کریں گے، مساوات کو فروغ دیں گے اور ایک ایسا پاکستان بنائیں گے جہاں ہر شہری خوف، جبر اور امتیاز سے آزاد زندگی گزار سکے۔انہوں نے کہاکہ دعا ہے کہ یہ دن ہمیں بطور قوم اور بطور عالمی برادری اس بات کی طرف راغب کرے کہ ہم ہمیشہ انسانی حقوق کی بالادستی کو برقرار رکھیں۔ الّلہ تعالیٰ ہمیں کمزور اور پسماندہ طبقات کے تحفظ کی کوشش میں کامیابی عطا فرمائے۔

