نصیرآباد(این این آئی) کرپشن کے عالمی دن کے موقع پر ضلع جعفر آباد میں ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کی سربراہی میں کرپشن کے خلاف آگاہی ریلی نکالی گئی جس میں تمام ڈسٹرکٹ ہیڈز، ان کے نمائندگان، اینٹی کرپشن کے افسران، سرکاری ملازمین اور شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔ ریلی ڈی سی آفس سے سول ہسپتال روڈ تک نکالی گئی جہاں شرکا نے کرپشن کے خاتمے، شفاف طرزِ حکمرانی اور صاف ستھرے نظام کے قیام کے حق میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر مختلف نعرے اور آگاہی پیغامات درج تھے۔ ریلی کے شرکا نے کرپشن کے خلاف نعرے بھی لگائے اور کرپشن کے معاشی، انتظامی اور سماجی نقصانات سے متعلق آگاہی فراہم کی۔ شرکت سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے کہا کہ کرپشن معاشرے کی جڑوں کو کھوکھلا کرتی ہے، اس کے خاتمے کے لیے اجتماعی شعور، مضبوط ادارے اور عملی جدوجہد ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہری کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے کرپشن کے خلاف مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ ترقی و خوشحالی کا سفر برقرار رکھا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ شفافیت، احتساب اور قانون کی بالادستی سے ہی بہتر طرز حکمرانی یقینی بنائی جاسکتی ہے اور حکومت کی جانب سے کرپشن کے خاتمے کے لیے کیے گئے اقدامات میں عوام کی شمولیت انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کرپشن کی نشاندہی کریں، اس کی روک تھام میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور مستقبل کی نسلوں کے بہتر مستقبل کے لیے ایمانداری کو اپنا شعار بنائیں۔

