کوئٹہ(این این آئی)وفاقی محتسب کے حکم پر درخواست گزار عرفان احمد کے گھر کے اوپر سے گزرنے والی گیارہ ہزار کے و ی وولٹ کی تاریں ہٹوا دی گئیں۔درخواست گزار عرفان احمد نے بتایا کہ ان کی چھت کے اوپر سے گیارہ ہزار کے وی وولٹ کی تاریں گزر رہی ہیں جو کہ مستقبل میں ایک بہت بڑے حادثے کا شکار بن سکتی ہیں لہذا، ان کو وہاں سے ہٹوانے اور کسی محفوظ جگہ سے گزار نے کے لیے انہوں نے متعلقہ محکمہ (کیسکو) کو متعدد بار درخواست دی۔لیکن ان کی کوئی شنوائی نہ ہو سکی۔بلآخر، مجبور ہو کر انہوں نے انصاف کے حصول کے لیے وفاقی محتسب کوئٹہ سے رجوع کیا اور اپنی شکایت درج کروائی۔درخواست موصول ہوتے ہی وفاقی محتسب کوئٹہ نے بروقت انکوائری کا آغاز کیا اور متعلقہ محکمے کو طلب کر کے کیس کی فوری سماعت شروع کر دی۔سماعت کے دوران متعلقہ محکمہ کوئی تسلی بخش جواب نہ دے سکا۔لہذا، وفاقی محتسب نے احکامات جاری کیے کہ درخواست گزار کی شکایت کا ازالہ جلد کیا جائے۔احکامات موصول ہوتے ہی متعلقہ محکمے نے درخواست گزار کے گھر کے اوپر سے گزر نے والی گیارہ ہزار کیوی وولٹیج کی تاریں ہٹا دیں۔بہت مختصر عرصے میں انصاف ملنے پر درخواست گزار نے بذریعہ ویڈیو پیغام وفاقی محتسب کا بے حد شکریہ ادا کیا۔

