کوئٹہ(این این آئی)گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل سے صوبائی مشیر بلدیات و دیہی ترقی نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری نے خضدار کے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ ملاقات میں شہید سکندر زہری یونیورسٹی خضدار کے ایکٹ کی منظوری اور انتظامی مسائل سمیت مختلف اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا صوبائی مشیر نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل کو یونیورسٹی کی موجودہ صورتحال، مسائل اور تدریسی عمل کے آغاز سے متعلق آگاہ کیا انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کی فعالیت سے نہ صرف بلوچستان کی دیگر جامعات پر طلبہ کا بوجھ کم ہوگا بلکہ علاقے کے بے روزگار نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری نے کہا کہ یونیورسٹی ایکٹ کی منظوری سے شہید سکندر یونیورسٹی کے مسائل کا خاتمہ ہوگا گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے صوبائی مشیر نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری کو یقین دلایا کہ حکومت شہید سکندر زہری یونیورسٹی کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے گی اور تمام ممکنہ تعاون فراہم کیا جائے گا ملاقات کے دوران خضدار کے وفد میں ڈسٹرکٹ چیئرمین حاجی صلاح الدین زہری، خان محمد زہری، میر شعیب زہری، میر علی دوست زہری اور دیگر نمائندگان بھی موجود تھے۔

