اوتھل(این این آئی) ایس ایس پی لسبیلہ عاطف امیر کی جرائم پیشہ عناصر کیخلاف سخت اقدام کی ہدایت پر لسبیلہ پولیس کی کامیاب کارروائیاں، چوری شدہ سامان مالیت 2,61200 روپے کی برآمدگی،تین ملزمان گرفتار اور چلتی گاڑیوں سے سامان چوری کرنے والے گینگ کا پردہ فاش ہوگیا، لسبیلہ پولیس کے ترجمان کے مطابق SSP لسبیلہ عاطف امیر کی جرائم پیشہ عناصر کیخلاف سخت اقدام اٹھانے کی خصوصی ہدایت پر ڈی ایس پی اوتھل حاصل خان قمبرانی کی زیرنگرانی لسبیلہ پولیس نے کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا اور مجموعی طور پر 2,61,200 روپے مالیت کا چوری شدہ سامان برآمد کر لیاجن میں چلتی گاڑیوں سے سامان اتار کر چوری کرنے میں ملوث ایک گینگ کا بھی پردہ فاش کرکے بے نقاب کر دیا گیا ہے۔ایک مشترکہ کارروائی کے دوران ایس ایچ او اوتھل یارمحمد کمانڈو، سی آئی اے انچارج اوتھل/لیاری محمد ہاشم اور سی آئی اے انچارج بیلہ/لاکھڑا عبدالحکیم نے اوتھل کے قریب کھیر والی گولائی کے مقام پر چھاپہ مار کر دو ملزمان اسامہ بن حبیب ولد حبیب اللہ قوم سہپاد اور رحمت اللہ ولد حاجی عبدالحق قوم محمد شہی ساکنان کھیر والی گولائی وایارو اوتھل کو گرفتار کرلیا۔ملزمان تھانہ اوتھل کے مقدمات نمبر 124/2025 و 125/2025 بجرم زیر دفعہ 379/34 ت پ میں ملوث و مطلوب تھے۔ چھاپہ مار کارروائی کے دوران پولیس نے ملزمان کے قبضہ سے 28 بوری یوریا کھاد مالیتی 1,16,200 روپے اور تین عدد استعمال شدہ بیٹریاں مالیتی 65,000 روپے برآمد کیں۔ یہ برآمد چوری شدہ سامان ملزمان نے کمال ہوشیاری سے چلتی ہوئی گاڑیوں سے اتار کر چوری کیا تھا جبکہ پولیس وارداتوں میں استعمال ہونے والی سوزوکی گاڑی کو بھی قبضے میں لے لیا ہے۔ گرفتار ملزمان سے مزید انکشافات متوقع ہیں۔ علاوہ ازیں ایک اور کارروائی میں اوتھل پولیس نے ملزم سعید نور ولد محمد نور قوم جمالی سکنہ لوہی دریجی کو گرفتار کیا۔ ملزم تھانہ اوتھل پولیس کو مویشی چوری کے مقدمہ نمبر 122/2025 بجرم زیر دفعہ 380/457 ت پ میں مطلوب تھا اور ملزم کے قبضہ سے 80,000 روپے مالیت کا چوری شدہ بکرا برآمد کر لیا۔ اوتھل پولیس نے گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔

