لاہور (این این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بیوٹیفکیشن پلان فیز کی تکمیل کیلئے فروری سے مئی تک کا ہدف مقرر کر دیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں ہر ضلع، ہر تحصیل اور ہر شہر کے بیوٹیفکیشن پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں وزیراعلی مریم نواز شریف کو ہر شہر اور ضلع کے بیوٹیفکیشن پلان کی تفصیلات اور تصاویر کا جائزہ پیش کیا گیا، اس منصوبے کا مقصد پنجاب کے 39اضلاع میں 132بیوٹیفکیشن سکیموں کو تکمیل تک پہنچانا ہے، جن کی مجموعی لاگت 16ارب 90کروڑ روپے ہے۔وزیراعلیٰ نے بیوٹیفکیشن پلان فیز کی تکمیل کیلئے فروری سے مئی تک کا ہدف مقرر کیا ہے، 97بیوٹیفکیشن سکیموں کے ورک آڈر جاری کئے جا چکے ہیں اور 88پراجیکٹس کا آغاز ہو چکا ہے۔پنجاب کے مختلف شہروں میں بیوٹیفکیشن کے متعدد پراجیکٹس مکمل کئے جائیں گے جن میں لاہور میں 18، سرگودھا میں 6، بہاولپور میں 16، گوجرانوالہ میں 12، راولپنڈی میں 17، فیصل آباد میں 13، ملتان میں 8اور ساہیوال میں 24پراجیکٹس شامل ہیں۔وزیراعلی نے ہدایت دی کہ بیوٹیفکیشن پراجیکٹس میں قدیم دروازوں کی بحالی، فائبر گلاس اور ٹین سائل کور کی تنصیب، واٹر فیچر، فوارے اور مصنوعی آبشاروں کی تخلیق شامل کی جائے، مرکزی بازاروں میں روڈ کے درمیان خوبصورت گرین بیلٹس بنانے اور فٹ پاتھ پر روایتی گرے ٹائلز کی بجائے خوبصورت کلر ٹائلز لگانے کا حکم دیا ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس بات کا بھی عندیہ دیا کہ بیوٹیفکیشن پراجیکٹس کی مانیٹرنگ کیلئے ایک ڈیش بورڈ بنایا جائے گا جس کی ہفتہ وار اپ ڈیٹ کی جائے گی، اس کے علاوہ، پنجاب کے تمام اسسٹنٹ کمشنروں کیلئے کارکردگی کے معیارات بھی مقرر کئے جائیں گے اور ان کی مانیٹرنگ کی جائے گی، کھلے مین ہول، ٹوٹی سڑکیں، گندگی، کوڑے کے ڈھیر، ٹوٹی ہوئی گرین بیلٹس اور خراب پینٹ کے معاملے میں سخت کارروائی کی جائے گی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے صوبے کے مختلف شہروں کے بیوٹیفکیشن پراجیکٹس کیلئے مخصوص اہداف بھی مقرر کئے ہیں جس میں رحیم یار خان کے چھ پراجیکٹس 31مارچ تک مکمل ہوں گے، بہاولپور میں بابا فرید گیٹ اور الصادق مسجد کی قدیمی صورت کی بحالی کی جائے گی، فیصل آباد میں 121سال قدیم گھنٹہ گھر اور بازار کی تجاوزات سے پاک اپ گریڈیشن جاری ہے۔اس کے علاوہ گوجرانوالہ کو نئی اور خوبصورت شکل دینے کی ہدایت دی گئی ہے اور سیالکوٹ کے اقبال منزل بازار اور ملحقہ گلیوں کی اپ گریڈیشن 31مئی تک مکمل ہو گی، راولپنڈی کے راجہ بازار اور کمرشل مارکیٹ ایریا کو جدید اور شاندار لک دی جائے گی، چکوال کے چھپڑ بازار کا نام تبدیل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے صوبے کے دیگر شہروں میں بھی بیوٹیفکیشن منصوبوں کیلئے ہدایات دیں، جنگ، شورکوٹ اور چنیوٹ میں بیوٹیفکیشن پراجیکٹس مکمل ہوں گے، جبکہ نارووال، شکرگڑھ اور ظفر وال میں تین سکیمیں 31مئی تک مکمل کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ ہر شہر کو خوبصورت بنانا ان کا خواب ہے، شہر کے ہر کونے کو صاف ستھرا اور دلکش بنایا جائے گا، ہم صرف ایک بازار نہیں، بلکہ پورے شہر کو خوبصورت بنائیں گے، ہر شہر، ہر قصبہ اور ہر ضلع کو اینڈ ٹو اینڈ بیوٹیفائی کیا جائے گا تاکہ عوام کو ایک بہترین ماحول فراہم کیا جا سکے۔مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ بیوٹیفکیشن پراجیکٹس کے دوران عوام کی سہولت کا خیال رکھا جائے گا اور کسی بھی قسم کی تکلیف یا مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

