معیاری اور قابل رسائی صحت ہر انسان کا بنیادی حق ہے،وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ(این این آئی)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عالمی یومِ یونیورسل ہیلتھ کوریج کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ معیاری اور قابلِ رسائی صحت ہر انسان کا نہ صرف بنیادی حق ہے بلکہ ریاست کی اولین ذمہ داری بھی ہے حکومتِ بلوچستان اس ذمہ داری کی ادائیگی کے لیے عملی، پائیدار اور مؤثر اقدامات کر رہی ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں صحت کے شعبے کو مضبوط بنانے کیلئے مربوط اصلاحات تیزی سے جاری ہیں، جن کا مقصد عوام کو علاج تک فوری، آسان اور قابلِ اعتماد رسائی فراہم کرنا ہے انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان کا عزم ہے کہ صوبے کے ہر شہری تک معیاری طبی سہولتیں یکساں بنیادوں پر پہنچیں، چاہے وہ شہر میں ہو یا دور دراز پہاڑی علاقوں میں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے کئی خطوں میں قیامِ پاکستان کے بعد پہلی مرتبہ صحت کی بنیادی سہولیات حقیقی معنوں میں فراہم کی جا رہی ہیں جو موجودہ صوبائی حکومت کے تاریخی اور غیر معمولی اقدامات کا ثبوت ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ماں اور بچے کی صحت سے متعلق پروگراموں کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے تاکہ آئندہ نسلیں بہتر اور محفوظ طبی ماحول سے فائدہ اٹھا سکیں میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری دراصل معاشرتی استحکام اور ایک خوشحال مستقبل کی بنیاد رکھتی ہے۔ اسی مقصد کے تحت غریب اور کمزور طبقات کیلئے مفت علاج کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے سرکاری ہسپتالوں میں جامع اصلاحات کی جا رہی ہیں۔ ان اصلاحات کے مثبت نتائج نہ صرف نمایاں ہونا شروع ہو گئے ہیں بلکہ عوام کی زندگیاں بھی حقیقی معنوں میں تبدیل ہو رہی ہیں انہوں نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی یا آفت زدہ صورتحال میں ایک مضبوط صحت کا نظام ہی عوام کی اصل حفاظتی ڈھال ثابت ہوتا ہے اور صوبائی حکومت اسی سوچ کے ساتھ شعبہ صحت کی بہتری پر خصوصی توجہ دے رہی ہے علاج تک برابری کی بنیاد پر رسائی اور عوامی فلاح کے اہداف کے حصول کے لیے مؤثر پالیسیوں پر برق رفتار پیش رفت جاری ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صحت کے شعبے میں جاری اصلاحات آئندہ برسوں میں بلوچستان کے عوام کے لیے ایک مضبوط، محفوظ، منصفانہ اور صحت مند مستقبل کی بنیاد ثابت ہوں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں