کوئٹہ(این این آئی)ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے رفعت مختار نے کہا ہے کہ انسانی سمگلنگ اور حوالہ ہنڈی میں ملوث منظم گروہوں کے خلاف سخت کارروائی اور مؤثر کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے،بجلی چوری اور ملکی معیشت کو نقصان پہنچانے میں ملوث ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو ایف آئی اے زونل آفس بلوچستان کے دورے کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ دورے کے دوران ڈی جی ایف آئی اے نے انتظامی اور تفتیشی امور کا جائزہ لیا۔ڈائریکٹر بلوچستان زون بہرام خان نے ڈی جی ایف آئی اے کو بلوچستان زون کی مجموعی کارکردگی اور جاری کارروائیوں سے متعلق مفصل بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ رواں سال حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف 89 مقدمات درج کئے گئے جبکہ 112 ملزمان کو گرفتار کیا گیا،حوالہ ہنڈی میں ملوث ملزمان سے 45730 امریکی ڈالر، 190 ملین روپے سے زائد مالیت کی غیر ملکی کرنسی اور 4 کروڑ 67 لاکھ پاکستانی روپے بھی برآمد کئے گئے،رواں سال بجلی چوری میں ملوث ملزمان کے خلاف 4771 چھاپہ مار کاروائیاں کی گئی اور 5 کروڑ 67 لاکھ سے زائد کی ریکوری کی گئی،انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف 409 مقدمات درج کئے گئے،غیر قانونی بارڈر پار کرنے میں ملوث 3567 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں سال کے دوران 39 انسانی سمگلروں کو بھی گرفتار کیا گیا۔ڈی جی ایف آئی اے رفعت مختار نے منظم جرائم کے خلاف بلوچستان زون کی کارکردگی کو سراہااور بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران کے لئے تعریفی سرٹیفیکیٹ کا بھی اعلان کیا۔ڈی جی ایف آئی اے نے کہا کہ انسانی سمگلنگ اور حوالہ ہنڈی میں ملوث منظم گروہوں کے خلاف سخت کارروائی اور مؤثر کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے،بجلی چوری اور ملکی معیشت کو نقصان پہنچانے میں ملوث ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے بلوچستان زون کی عملی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لئے پلان طلب کر لیااور بلوچستان زون میں لاجسٹک سہولیات کی بہتری کے لئے بھی جامع رپورٹ طلب کی۔

