کوئٹہ(این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کوئٹہ سٹی کے سابق صدر نورالدین کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا منشور عوامی خدمت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی ہے عوام 28دسمبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں انشاء اللہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کو مایوس نہیں کریگی اورعوام کی بلا رنگ و نسل خدمت کریگی۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو پاکستان پیپلز پارٹی کوئٹہ سٹی کے سیکرٹریٹ میں حلقہ پی بی 41کی تمام یونین کونسلوں کے وارڈوں کے نامزد امیدواروں اور پی پی کوئٹہ کے سینئر ساتھیوں کے اجلاس اور یونین کونسل 33وارڈ 3کے امیدوار قربان علی درنای کے حاجی غیبی روڈ پرقائم الیکشن سیل کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔نورالدین کاکڑ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جمہوریت کی علمبردار اور تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے یہی وجہ ہے کہ عام انتخابات کی طرح بلدیاتی انتخابات میں بھی ہم خیال سیاسی جماعتوں سے بھی رابطوں کا سلسلہ جاری ہے انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ بلدیاتی الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی کامیابی حاصل کرکے حلقہ پی بی 41 سمیت پورے کوئٹہ شہر کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور کوششیں کریگی۔انہون نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا منشور عوامی خدمت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی پر مبنی ہے جس کے تحت علاقے کے ہر گھر تک صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانا، غریب اور بیوہ خواتین کا بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں اندراج، زکوٰاۃ کمیٹی کے ذریعے بیوہ خواتین اور یتیم بچوں کی معاونت، صفائی کے نظام میں بہتری، سیوریج مسائل کا مستقل حل، اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور گلی محلوں کی نالیوں کی تعمیر و مرمت، برتھ سرٹیفیکیٹ، لوکل ڈومیسائل اور شناختی کارڈ کے مسائل کا فوری حل، یونین کونسل میں مصالحتی کمیٹی کا قیام تاکہ عوامی مسائل مقامی سطح پر ہی حل ہوسکیں۔نورالدین کاکڑ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا مشن عوام کی خدمت اور علاقے کی ترقی ہے اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ اجلاس میں بلدیاتی الیکشن کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی جبکہ مختلف تجاویز بھی پیش کی گئیں اور ڈور ٹو ڈور کمپین کو مؤثر بنانے کے لیے حلقہ پی بی 41 الیکشن سیل کمیٹی قائم کی گئی اور اس حوالے سے تمام یونین وارڈوں کے لیے خصوصی کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئیں۔

