کوئٹہ(این این آئی) مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے صدر عبدالرحیم کاکڑنے کہاہے کہ تاجر اور ٹرانسپورٹرز ایک گاڑی کے دو پہیے ہیں مرکزی انجمن تاجران بلوچستان ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کی مکمل حمایت کرتی ہے حکومت فوری طور پر ٹریفک آرڈیننس 2025ء کوواپس لے۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کرنے والے بلوچستان گڈز ٹرک اونرز ایسوسی ایشن کے صدرحاجی نورمحمد شاہوانی، مرکزی نائب صدر حاجی ظاہر شاہ، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری محمد گل کاکڑ، مرکزی سیکرٹری اطلاعات روزی خان مندوخیل،ایگزیکٹو ممبر حاجی ذکریا خان سے بات چیت کرتے ہوئے کہی اس موقع پر مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے رہنما میر یاسین مینگل،ذیشان دانش بھی موجود تھے۔بلوچستان گڈز ٹرک اونرز ایسوسی ایشن کے وفد نے مرکزی انجمن تاجران کے رہناوں کو پنجاب میں ٹرانسپورٹرز کو تنگ کرنے اور بھاری جرمانوں سے آگاہ کیا۔ مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے صدرعبدالرحیم کاکڑ نے کہاکہ تاجر اور گڈز ٹرانسپوٹرز ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال سے پورے ملک میں اشیاء خورونوش سمیت دیگرسامان کی ترسیل رک چکی ہے جس سے اشیاء خوردونوش کی قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں اکثر اشیاء خوردونوش دوسرے صوبوں سے ٹرکوں کے ذریعے آتی ہے اور 8دسمبر سے گڈز ٹرانسپورٹ کی ہڑتال کے باعث یہ ترسیل رک چکی ہے جس سے تاجروں کو کروروں روپے کا نقصان ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مرکزی انجمن تاجران بلوچستان گڈز ٹرک اونرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال کی مکمل حمایت کرتی ہے اور ٹرانسپورٹرز کو مکمل تعاون کا یقین دلاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی اوردیگر حکام بالا پنجاب حکومت سے رابطہ کرکے آرڈیننس واپس کرانے اور انکے مسائل کو حل کرانے میں اپنا کردارادا کریں۔ انہوں نے مرکزی انجمن تاجران بلوچستان ٹریفک آرڈیننس 2025ء کو مسترد کرتی ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ آرڈیننس کوفوری طورپرواپس لیتے ہوئے ٹرانسپورٹروں کے جائز مطالبات فوری تسلیم کئے جائیں بصورت دیگر مرکزی انجمن تاجران بلوچستان اوربلوچستان گڈز ٹرک اونرز ایسوسی ایشن سخت احتجاج پر مجبور ہوگی۔

