محکمہ جنگلات، قبائلی عمائدین اور مختلف این جی اوز کے افسران کے لیے پانچ روزہ رینج لینڈ مینجمنٹ تربیتی پروگرام کا انعقاد

کوئٹہ(این این آئی)سیکرٹری محکمہ جنگلات و جنگلی حیات بلوچستان عبد الفتاح بھنگر کی زیر صدارت بلوچستان میں محکمہ جنگلات، قبائلی عمائدین اور مختلف این جی اوز کے افسران کے لیے پانچ روزہ رینج لینڈ مینجمنٹ تربیتی پروگرام 08 سے 12 دسمبر 2025 تک کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔ اس تربیتی پروگرام کا بنیادی مقصد صوبے میں رینج لینڈ کے پائیدار انتظام، ماحولیاتی تحفظ اور مقامی کمیونٹی کی لائیولی ہْڈ میں بہتری لانا تھا۔ تربیت میں محکمہ جنگلات کے افسران، قبائلی عمائدین اور مختلف غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندگان نے حصہ لیا اور رینج لینڈ کے ماحولیاتی، اقتصادی اور سماجی فوائد کے بارے میں تفصیلی آگاہی حاصل کی۔ تربیتی سیشنز میں شرکاء کو جدید طریقہ کار، عملی مشقیں، گروپ ورک اور فیلڈ وزٹس کے ذریعے رینج لینڈ کے مؤثر استعمال اور اس کے تحفظ کے عملی طریقے سکھائے گئے۔ اختتامی تقریب میں ایڈیشنل سیکرٹری منیر موسیانی اور کنزرویٹر مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن فاروق نے کامیاب شرکاء میں اسناد تقسیم کیں جبکہ ایف اے او کے صوبائی کوآرڈینیٹر ولید مہدی نے تربیت کے اہداف اور حاصل شدہ نتائج پر مہمانانِ گرامی کو تفصیلی بریفنگ دی۔ تربیتی پروگرام کے دوران معروف ماہرین ڈاکٹر محمد عیسیٰ جان اور سید غلام محمد نے رینج لینڈ کی اہمیت، اس کے ذریعے لائیولی ہْڈ سپورٹ اور صوبے میں ماحولیاتی توازن کے فروغ پر روشنی ڈالی اور شرکاء کو رینج لینڈ کے پائیدار استعمال اور کمیونٹی کی شمولیت کے عملی طریقوں سے آگاہ کیا۔ شرکاء نے تربیت کو انتہائی مفید قرار دیا اور کہا کہ اس سے رینج لینڈ کے مؤثر استعمال کے طریقے سیکھنے میں مدد ملی اور مستقبل میں مقامی کمیونٹی کی اقتصادی بہتری میں بھی اس کے مثبت اثرات دیکھے جا سکتے ہیں۔ تربیتی پروگرام کے نتائج سے شرکاء میں عملی مہارت اور آگاہی میں اضافہ ہوا اور صوبے میں رینج لینڈ مینجمنٹ کے شعبے میں بہتری کے امکانات کو فروغ ملا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں