عوام پاکستان پارٹی نے فاروق ناشناس لہڑی کی حمایت کا اعلان کردیا،عوام دوست امیدوار فاروق ناشناس لہڑی کی کامیابی کوئٹہ کیلئے نیک شگون ہوگا، پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق

کوئٹہ (این این آئی) عوام پاکستان پارٹی بلوچستان نے کوئٹہ بلدیاتی انتخابات میں یونین کونسل 29 وارڈ 03 میں بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے امیدوار فاروق ناشناس لہڑی کی بھرپور حمایت کا اعلان کردیا ہے۔ اس حوالے سے ایک اہم ملاقات عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق اور بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر ناشناس لہڑی کے درمیان منعقد ہوئی، جس میں باہمی سیاسی تعاون اور مستقبل کی حکمتِ عملی پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ملاقات کے بعد جاری کردہ مشترکہ اعلامیہ میں پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے فاروق ناشناس لہڑی کو ایک سمجھدار، عوام دوست اور سنجیدہ سیاسی کارکن قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایک مضبوط اور باوقار سیاسی خاندان سے وابستہ ہیں اور علاقے کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فاروق ناشناس لہڑی کی کامیابی نہ صرف یونین کونسل بلکہ پورے کوئٹہ شہر کے لیے نیک شگون ثابت ہوگی۔اس موقع پر بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے رہنماؤں نے عوام پاکستان پارٹی کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے عوامی مفاد اور جمہوری تقویت کی طرف ایک مثبت قدم قرار دیا۔ دونوں جماعتوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی مسائل کے حل، علاقائی ترقی اور سیاسی استحکام کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں