کوئٹہ(این این آئی) ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (ای او سی) بلوچستان کے کوآرڈینیٹر انعام الحق نے اعلان کیا ہے کہ صوبے بھر میں (آج)پیر سے سات روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگا جس کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے 26 لاکھ 60 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلائے جائیں گے۔انہوں نے بتایا ہے کہ پولیو وائرس صوبے کے ماحولیات میں موجود ہے جس سیننھے بچے کسی بھی وقت متاثر ہوسکتے ہیں یہ مہم انہی خطرات سے بچوں کو محفوظ بنانے اور ماحولیات سے پولیو وائرس کے خاتمہ کیلئے اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو لازمی ویکسین پلائیں، بصورت دیگر یہ لاعلاج معذوری کا باعث بن سکتا ہے۔ان کے مطابق مہم کے سلسلے میں تمام انتظامات مکمل ہیں ٹیموں کو شہری و دور دراز علاقوں میں متحرک کر دیا گیا ہے۔ مہم میں مجموعی طور پر 11 ہزار134 ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں 824 فکسڈ ٹیمیں اور 476 ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہم کی کامیابی عوامی تعاون پر منحصر ہے۔کوآرڈینیٹر ای او سی بلوچستان نے سول سوسائٹی، اساتذہ اور مذہبی رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ شعور اجاگر کریں اور والدین کو بچوں کی ویکسینیشن کے لیے آمادہ کریں۔ انعام الحق نے والدین کو حفاظتی ٹیکوں کی اہمیت بھی یاد دلائی جو بچوں کو 12 مہلک بیماریوں مثلاً خسرہ، تپ دق، ہیپاٹائٹس بی اور ڈفتھیریا سے محفوظ رکھتے ہیں۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ قریبی صحت مرکز جا کر بچوں کو وقت پر تمام ویکسین ضرور لگوائیں۔نہوں نے کہا،“بچوں کی صحت کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، ایک بچہ بھی اگر پولیو کے قطروں سے محروم رہ جائے تو تمام بچے خطرے میں پڑ جاتے ہیں۔

