سوئی میں گیس بحران پر قابو پانے کے لیے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی زوہیب الحق کا دورہ، غیرقانونی کمرشل کنکشنز منقطع، 15 سے زائد افراد گرفتار

سوئی (نماءندہ) سوئی شہر میں گیس کے جاری بحران پر قابو پانے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی جناب زوہیب الحق نے اسسٹنٹ کمشنر سوئی جناب محمد صادق خان کے ہمراہ سوئی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ نے ایس ایس جی سی ایل (SSGCL) کی ٹیم کے تعاون سے گیس کی غیرقانونی ترسیل اور کمرشل استعمال کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے متعدد غیرقانونی کمرشل کنکشنز منقطع کر دیے۔

ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران 15 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا گیا، جبکہ مختلف علاقوں میں گیس کے ناجائز استعمال اور غیرقانونی لائنوں کی نشاندہی بھی کی گئی۔ ایس ایس جی سی ایل کے حکام نے موقع پر تکنیکی جانچ پڑتال کرتے ہوئے غیرقانونی کنکشنز منقطع کیے۔

دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر جناب زوہیب الحق نے پی پی ایل (PPL) کمپریسر پلانٹ کا بھی معائنہ کیا، جہاں گیس کے کم پریشر کی شکایات سامنے آئیں۔ ڈپٹی کمشنر نے پی پی ایل حکام کو گیس پریشر فوری طور پر بہتر اور بحال کرنے کی ہدایات جاری کیں تاکہ عوام کو گیس کی بلا تعطل اور مناسب فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ تمام اقدامات وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے اس وژن کا عملی مظہر ہیں جس کے تحت عوامی وسائل کے تحفظ، غیرقانونی استعمال کے خاتمے اور عوام کو بنیادی سہولیات کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جناب زوہیب الحق نے واضح کیا کہ عوامی حقوق پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور گیس کی غیرقانونی ترسیل میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر سوئی جناب محمد صادق خان نے انتظامی اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کی یقین دہانی کرائی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں