لاہور (این این آئی) بحریہ یونیورسٹی لاہور کیمپس کے چوتھے کانووکیشن کی تقریب منعقد ہوئی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف اور بحریہ یونیورسٹی کے پرو چانسلر ایڈمرل نوید اشرف نے بطور مہمانِ خصوصی تقریب میں شرکت کی اور فارغ التحصیل طلبہ میں اسناد تقسیم کیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمرل نوید اشرف نے بحریہ یونیورسٹی کی تعلیمی خدمات، جدت کے فروغ اور طلبہ کی کردار سازی کے لیے کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے فارغ التحصیل طلبہ کی محنت، نظم و ضبط اور ثابت قدمی کی تعریف کی اور ان کے اہلِ خانہ کو بھی مبارک باد پیش کی۔کانووکیشن کے موقع پر کمپیوٹر سائنس، مینجمنٹ سائنسز اور پروفیشنل سائیکالوجی کے شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے مجموعی طور پر 564 طلبہ کو پی ایچ ڈی، ایم ایس اور بی ایس کی اسناد سے نوازا گیا۔ نمایاں تعلیمی کارکردگی کے اعتراف میں 36طلبہ کو گولڈ میڈلز اور 29طلبہ کو سلور میڈلز بھی دیے گئے۔تقریب میں فارغ التحصیل طلبہ، ان کے اہلِ خانہ، سینئر حکام، فیکلٹی ممبران اور تعلیمی شعبے سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔

