پشاور(این این آئی) آرمی پبلک اسکول پشاور کے شہداء کی 11ویں برسی کے موقع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اپنے پیغام میں سانحہ اے پی ایس کو قوم کی تاریخ کا ایک ناقابلِ فراموش اور دلخراش واقعہ قرار دیتے ہوئے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اے پی ایس کے معصوم شہداء نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر قوم کو اتحاد، حوصلے اور قربانی کا عظیم درس دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سانحہ پوری قوم کے لیے ایک کڑا امتحان تھا۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ریاست ایسے عناصر کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ گورنر خیبرپختونخوا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے میں امن کے قیام اور معصوم جانوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے اور متحد ہوکردہشت گردی کاخاتمہ کریں گے اور خیبرپختونخوا کو ایک پرامن صوبہ بنائیں گے۔گورنر نے شہداء کے لواحقین سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم آج بھی ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ اے پی ایس کے شہداء ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔

