قتل ہوئے ہم اس طرح قسطوں میں کہ کبھی بندوق بدل گئیں اور کبھی قاتل بدل گئے

پنجگور(رپورٹر) نیشنل پارٹی پنجگور کے سابق ضلعی صدر حاجی صالح محمد بلوچ نے ڈاکٹر شفیع جان بزنجو کی دسویں برسی کے مناسبت سے انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر شفیع جان بزنجو پارٹی کا ایک نظریاتی کارکن ہونے کا ساتھ ساتھ ایک انسان دوست، ایک فرض شناس ڈاکٹر اور انسانی خدمت کے جذبہ سے سرشار انسان تھا۔ اُنہوں نے آواران جیسے پسماندہ علاقے میں بلاتفریق لوگوں کی خدمت کی وہ صرف ایک ڈاکٹر نہیں بلکہ وہ علاقے کے عوام کیلئے ایک مسیحا تھا ان کی شہادت نے نہ صرف نیشنل پارٹی کو بلکہ پوری بلوچ قوم کو ایک مخلص انسان سے محروم کر دیا، ڈاکٹر شفیع جان بزنجو جیسے خوش اخلاق پرامن تعلیم یافتہ اور باشعور افراد کو راستے سے ہٹاکر بلوچ قوم کے مستقبل کو تاریکی میں دھکیلا گیا۔ انہوں نے مذید کہا ھیکہ آج بھی یہ سوال اپنی جگہ موجود ہے کہ قاتلوں نے ڈاکٹر شفیع بزنجو بلوچ کو شہید کرکے کیا حاصل کیا تھا؟ کیا ان کی شہادت سے علاقے کو فائدہ ہوا یا بلوچستان کی محرومیوں میں کمی آئی ہے؟ ہرگز نہیں بلکہ ایسے باشعور، خدمت گزار اور امن دوست نوجوانوں کی شہادت نے علاقے کو ایک مسیحا سے محروم کر دیا ہے، ہم بحیثیت نیشنل پارٹی کے کارکنان شہید ڈاکٹر شفیع کے مشن کو جاری رکھیں گے اور ان کے نظریات و خدمات کو عوام کے سامنےاُجاگر کریں گے۔ تاکہ نئی نسل شعور اور انسان دوستی کے اس سفر کو آگے بڑھا سکے نیشنل پارٹی کے کارکنان شہید ڈاکٹر شفیع جان بلوچ جیسے کرداروں کو اپنائیں اور شدت پسندی کی جگہ تعلیم، شعور اور پرامن جدوجہد کو اپنا ہتھیار بنائیں یہی بلوچستان کے بہتر مستقبل کی ضمانت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں