کوئٹہ شہر کو ترقیاتی کاموں کے نام پر کھنڈرات میں تبدیل کردیا گیا،چند دن میں مکمل ہونیوالا کام 6ماہ گزرنے کے باوجود مکمل نہ ہوسکا،لالہ یوسف خلجی

کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالہ یوسف خلجی نے کہا ہے کہ کوئٹہ شہر کو ترقیاتی کاموں کے نام پر کھنڈرات میں تبدیل کردیا گیا ہے چند دن میں مکمل ہونے والا کام 6ماہ گزرنے کے باوجود بھی مکمل نہیں ہوسکا جس سے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے،حکومت کوئٹہ شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کو جلداز جلد مکمل کرنے کے احکامات جاری کرے۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں لالہ یوسف خلجی نے کہا کہ کوئٹہ بلوچستان کا دارالخلافہ ہونے کے باوجود کھنڈرات کا منظرپیش کررہا ہے ترقیاتی کاموں اور سڑکوں کو چوڑا کرنے کے نام پرسڑکیں کھود کر ایسی چھوڑ دی گئی ہیں جس سے اٹھنے والے گردوغبار کے باعث شہری سانس کی بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں جبکہ روڈ کھونے کے باعث ٹریفک کی روانی میں بھی مشکلات درپیش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کاسی روڈ اور گوالمنڈی چوک پر ترقیاتی کاموں کے نام پر گڑھے بناکر ایسے چھوڑ دیئے گئے ہیں جس کی وجہ سے سارا دن ٹریفک جام رہتی ہے جس سے شہری ذہنی اذیت کا شکار ہیں اسی طرح زرغون روڈ، سائنس کالج چوک پر بھی ترقیاتی کام سست روی کا شکار ہیں جس کی وجہ سے منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہوتاہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کو چاہئے کہ وہ ٹھیکیداروں کو پابند کرے کہ وہ ترقیاتی کامو ں کو بروقت مکمل کریں تاکہ عوام کی مشکلات میں کمی آسکی۔ انہوں نے کہا کہ اسوقت کوئٹہ شہر کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے اور عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں اگر حکمرانوں نے عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے عملی اقدامات نہ اٹھائے تو وہ دن دور نہیں جب عوام کے ہاتھ اور حکمرانوں کے گریبان ہونگے اورانہیں بچانے والا کوئی نہیں ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں