مالی نظم و ضبط کو ہر صورت یقینی بنایا،سرکاری وسائل کے شفاف، موثراستعمال پر توجہ دی جائے،سیکرٹری بلدیات بلوچستان

کوئٹہ(این این آئی)سیکرٹری بلدیات و دیہی ترقی حکومتِ بلوچستان عبدالرؤف بلوچ کی زیرِ صدارت مالی سال 2024–2025 کے لیے محکمانہ اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ شجاعت علی، ڈائریکٹر جنرل آڈٹ سید ثناء اللہ آغا سمیت صوبے بھر کی مونسپل کمیٹیوں کے چیف افسران، مونسپل کارپوریشنز کے ایڈمنسٹریٹرز اور ڈسٹرکٹ کونسلز کے چیف افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران محکمہ بلدیات و دیہی ترقی اور لوکل گورنمنٹ بورڈ سے متعلق مالی امور، ترقیاتی و غیر ترقیاتی اخراجات اور زیرِ التواء آڈٹ اعتراضات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ افسران نے اجلاس کو اپنے اپنے محکموں کی مالی صورتحال، آڈٹ رپورٹس اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری بلدیات و دیہی ترقی عبدالرؤف بلوچ نے افسران کو ہدایت کی کہ مالی نظم و ضبط کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور سرکاری وسائل کے شفاف، مؤثر اور قواعد و ضوابط کے مطابق استعمال پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ آڈٹ اعتراضات کا بروقت ازالہ، ریکارڈ کی درست تکمیل اور مالی دستاویزات کی بروقت تیاری محکمہ کی مجموعی کارکردگی کو بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔سیکرٹری بلدیات بلوچ نے واضح کیا کہ مالی بے ضابطگیوں کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی اور آئندہ اجلاسوں میں پیش رفت کا باقاعدہ جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس کے اختتام پر آئندہ کے لیے ضروری اقدامات، اصلاحی تجاویز اور سفارشات مرتب کی گئیں تاکہ مالی شفافیت اور انتظامی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں