اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے بدھ کو آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے ہیڈکوارٹر میں سینٹر فار گورنمنٹ ڈیٹا اینالیٹکس کا افتتاح کر دیا۔وفاقی وزیر خزانہ نے مرکز کے قیام کو سراہتے ہوئے ڈیٹا اینالسس کی جدید ٹیکنالوجیز اپنانے پر زور دیا جن میں مشین لرننگ، مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی آڈٹنگ اور تجزیاتی کاموں کے لئے بوٹس کے استعمال شامل ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سرکاری شعبے کے مختلف اداروں کے ڈیٹا بیسز میں موجود تمام دستیاب ڈیٹا تک ڈیجیٹل رسائی حاصل کی جائے۔ ان اقدامات سے آڈٹ کے دائرہ کار میں اضافہ، شفافیت اور عوامی وسائل کے احتساب کو فروغ ملے گا۔وزیر خزانہ کے دورے کے دوران آڈیٹر جنرل آف پاکستان مقبول احمد گوندل نے آڈٹ کے شعبے میں مقدار کی بجائے معیار پر توجہ دینے کی حکمتِ عملی پر زور دیا۔ انہوں نے ادارہ جاتی اور منصوبہ جاتی بنیادوں پر آڈٹ رپورٹنگ اور قابلِ آڈٹ اداروں کے ساتھ تعمیری اور باہمی تعاون پر مبنی ماحول کے فروغ کی اہمیت اجاگر کی۔ انہوں نے کہا کہ آڈٹ کو گورننس میں بہتری کے ایک مؤثر ذریعہ کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔اصلاحات اور جدید کاری کے حوالے سے آڈیٹر جنرل نے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اقدامات سے آگاہ کیا جن میں آڈٹ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (AMIS) کا نفاذ، سینٹر فار گورنمنٹ ڈیٹا اینالیٹکس کا قیام، اور آڈٹ کی کارکردگی، مؤثریت اور شفافیت بڑھانے کے لئے ڈیٹا اینالیٹکس ٹولز کا استعمال شامل ہے۔ یہ مرکز وزیرِ اعظم پاکستان کے معاشی ڈیجیٹلائزیشن کے وژن کے مطابق قائم کیا گیا ہے۔ کیش لیس معیشت کے اقدام میں تیزی آنے کے ساتھ مزید ڈیجیٹل ڈیٹا دستیاب ہوگا، جس تک یہ مرکز حقیقی وقت (ریئل ٹائم) میں رسائی حاصل کر کے تجزیہ کرے گا۔کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس عمر علی خان نے وزیر خزانہ کو CGA کے مینڈیٹ اور کارکردگی پر بریفنگ دی جو حکومت کے حسابات، ادائیگیوں کی قبل از آڈٹ جانچ اور مالی رپورٹنگ کے ذمہ دار ایک اہم عوامی مالیاتی نظم و نسق کا ادارہ ہے۔ CGA اکاؤنٹنگ سسٹمز کو مضبوط بنانے اور بروقت و درست مالی رپورٹنگ کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل کام کر رہا ہے۔ کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس نے کیش لیس/ڈیجیٹل پبلک سیکٹر معیشت کے اہداف حاصل کیے، جن میں مائیکرو پیمنٹ گیٹ وے، راست، آن لائن بلنگ، SAP HANA پر منتقلی اور مرکزی HP سپر ڈوم سرورز شامل ہیں، جو وزیر اعظم پاکستان کے وڑن کے مطابق ہیں۔ عالمی معیار کے مطابق اکروئل بیسڈ اکاؤنٹنگ کی جانب منتقلی بھی عالمی بینک کے تعاون سے جاری ہے۔دونوں اداروں نے شفافیت، احتساب اور عوامی وسائل کے مؤثر استعمال کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اصلاحات، ڈیجیٹلائزیشن اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ پاکستان کے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچایا جا سکے۔وفاقی وزیر نے آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی جانب سے آڈٹ مشاہدات کی رپورٹنگ کے ڈھانچے کو بین الاقوامی داخلی معیارات کے مطابق بہتر بنانے کے اقدامات کو سراہا۔

