کوئٹہ(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و سابق سینیٹر روزی خان کاکڑ اور سابق سٹی صدر نورالدین کاکڑ نے وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے صوبے کے غریب اور مستحق افراد کیلئے پیکج کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان پیکج سے صوبے کے 3لاکھ سے زائد مستحق خاندان مستفید ہونگے۔ یہاں جاری ہونے والے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی غریب عوام کی جماعت ہے جس نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی ہے گزشتہ سال کی طرح امسال بھی پیپلز پارٹی کے وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی نے صوبے کے غریب اورمستحق افراد کیلئے رمضان پیکج کا اعلان کیا ہے جس کے تحت صوبے کے 3لاکھ 28ہزار مستحق خاندانوں میں رمضان پیکج تقسیم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے رمضان پیکج کی صاف اورشفاف تقسیم کو یقینی بنانے کیلئے 8رکنی ڈسٹرکٹ کواردی نیشن کمیٹی تشکیل دی ہے جو رمضان راشن تقسیم کی نگرانی اورمنصفانہ تقسیم کو یقینی بنائے گی جو ایک خوش آئند اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے مستحق کیلئے رمضان پیکج انکی ضروریات کو مد نظر رکھ کر تیار کیا ہے جس میں کوالٹی اور معیارکو اہمیت دیی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبائی حکومت مستحق افراد کی خدمت اورسہولت کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے تاکہ غریب اور مستحق افراد کو رمضان المبارک کے دوران زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان المبارک کے دوران مخیرحضرات اور صاحب ثروت افراد کو بھی چاہئے کہ وہ اپنے اردگرد مستحق اور غریب افراد کی زیادہ سے زیادہ امداد کریں تاکہ وہ بھی رمضان کے روزے رکھ سکیں۔

