کوئٹہ(این این آئی)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت افراد باہم معذور کی معاونت سے متعلق ”کمک سپورٹ فنڈ“ کی صوبائی کونسل کا دوسرا اجلاس جمعرات کو یہاں چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری سماجی بہبود حاجی ولی محمد نورزئی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان سمیت متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی جبکہ افراد باہم معذور کی نمائندہ تنظیموں کے عہدیداران بھی خصوصی طور پر مدعو تھے اجلاس میں بلوچستان میں افراد باہم معذور کی فلاح و بہبود کے جاری پروگرام کو مزید وسعت دینے اور اس کے مؤثر و شفاف عملدرآمد کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا وزیر اعلیٰ نے ہدایت جاری کی کہ افراد باہم معذور کی ماہانہ مالی معاونت میں نمایاں اضافہ کیا جائے تاکہ وہ باعزت اور باوقار زندگی گزار سکیں اجلاس میں خصوصی آلات، الیکٹرک وہیل چیئرز اور دیگر معاونتی اشیاء کی فوری خریداری کی منظوری بھی دی گئی تاکہ ضرورت مند افراد کو بروقت سہولت فراہم کی جاسکے وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ پروگرام کو مرحلہ وار توسیع دیتے ہوئے صوبے کے ہر رجسٹرڈ فرد باہم معذور تک اس کے ثمرات پہنچائے جائیں گے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ “کمک انڈومنٹ فنڈ “کے تحت معذوری سے خود انحصاری کے سفر کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جائے گا اور اس پروگرام کو محض امدادی اسکیم کے بجائے بااختیار بنانے کے جامع ماڈل میں تبدیل کیا جائے گا انہوں نے اعلان کیا کہ میٹرک سے پی ایچ ڈی تک معذور طلبہ کی تعلیمی معاونت اور وظائف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی تاکہ اعلیٰ تعلیم کے مواقع سب کے لیے یکساں ہوں انہوں نے ہدایت کی کہ افراد باہم معذوران کے فنی و تکنیکی تربیت کے پروگراموں کو فروغ دیا جائے ہنرمندی کی تربیت فراہم کی جائے اور با?سانی نقل و حمل کے لیے معاون آلات مہیا کیے جائیں تاکہ افراد باہم معذور عملی زندگی میں بھرپور کردار ادا کرسکیں وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ افراد باہم معذور کو باعزت روزگار کی فراہمی کے لیے بلا سود قرضوں کی سہولت بھی فراہم کی جارہی ہے جس سے وہ خود روزگار کے مواقع پیدا کرسکیں گے اور معاشی طور پر خود کفیل بن سکیں گے اجلاس کے اختتام پر وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ طے شدہ فیصلوں پر فوری اور مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ صوبے میں افراد باہم معذور کی فلاح و بہبود کے اقدامات کے عملی نتائج جلد از جلد سامنے آ سکیں

