رویت ہلال کمیٹی پاکستان کے ممبران کادورہ گورنر ہاؤس پشاور

پشاور(این این آئی)رویت ہلال کمیٹی پاکستان کے تمام مرکزی و زونل ممبران نے گذشتہ روز گورنر ہاؤس پشاور کا دورہ کیا اور چیئرمین مولاناسید عبدالخبیر آزاد کی قیادت میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی ایک ہی دن ملک بھر میں رمضان المبارک کے آغاز پر رویت ہلال کمیٹی کے چئیرمین و تمام اراکین کو مبارکباد پیش کی۔مولاناعبدالخبیرآزاد نے کہاکہ رمضان المبارک اتحاد اور بھائی چارے کا پیغام دیتا ہے، اللہ کا شکر ہے کہ رویت ہلال کمیٹی کے ذمہ دارانہ متفقہ کردار سے قوم کو رمضان المبارک کے آغاز سے متعلق تقسیم سے نکالا گیا، ملک بھر کے علماء قومی اتحاد اور ملکی سالمیت و امن و امان کیلئے اپنا بہترین کردار ادا کر رہے ہیں۔گورنر خیبرپختونخوا نے رمضان کے آغاز اور عیدالفطر کی خوشیاں ملک بھر میں ایک ہی دن منانے پر رویت ہلال کمیٹی کے تمام اراکین کی خدمات کو سراہا۔انہوں نے کہاکہ رمضان اور عیدالفطر سمیت تمام اسلامی مہینوں کی رویت کا اعلان پاکستان رویت ہلال کمیٹی کی ہی ذمہ داری ہے، رمضان اور عیدالفطر کے چاند نظر آنے یا نہ آنے سے متعلق ماضی میں تقسیم اور شرمندگی کا سامنا رہا،گورنرنے کہاکہ رویت ہلال کمیٹی کے موجودہ چئیرمین اور تمام مرکزی و زونل اراکین نے ایمانداری سے چاند کی رویت سے متعلق تقسیم کا خاتمہ یقینی بنایا جو قابل تحسین ہے،ملک دشمن قوتیں پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتی ہیں، موجود حالات میں ہمیں بحیثیت قوم اپنے تمام معاملات میں اتحاد اور یگانگت کا عملی ثبوت دینا ہے۔ملاقات میں رویت ہلال کمیٹی کے تمام مرکزی و زونل اراکین نے گورنر ہاؤس میں مہمان نوازی پر گورنر خیبرپختونخوا کا شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں