تربت(رپورٹر) میونسپل کارپوریشن تربت کے میئر بلخ شیر قاضی نے شاہی تمپ عیدگاہ مسجد کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے میونسپل کارپوریشن تربت کے مشرقی وارڈ شاہی تمپ کے کونسلر شوکت سبزل کی نگرانی میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ یہ منصوبہ میونسپل کارپوریشن تربت کے مالی سال 2024۔2025 کے ترقیاتی فنڈز سے مکمل کیا جا رہا ہے۔
دورے کے دوران کونسلر شوکت سبزل نے میئر بلخ شیر قاضی کو منصوبے سے متعلق جامع بریفنگ دی اور بتایا کہ اس ترقیاتی کام میں عوام کی سہولت کو مدِنظر رکھتے ہوئے چھ عدد واش رومز بمعہ وضو خانہ تعمیر کیے جا رہے ہیں، تاکہ عیدگاہ مسجد میں آنے والے نمازیوں کو بہتر اور معیاری سہولیات میسر آ سکیں۔
میئر بلخ شیر قاضی نے موقع پر موجود رہ کر تعمیراتی کام کی رفتار، معیار اور استعمال ہونے والے میٹریل کا باریکی سے معائنہ کیا اور کام کے معیار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ کونسلر اور ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی فلاح کے منصوبوں میں شفافیت اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔
اس موقع پر میونسپل کارپوریشن تربت کے کونسلرز عبدالغنی اور سہیل اکرم بھی موجود تھے، جنہوں نے ترقیاتی کاموں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے کاموں کو علاقے کے لیے ایک خوش آئند قدم قرار دیا۔ میئر صاحب نے امید ظاہر کی کہ ایسے منصوبے شہری سہولیات میں بہتری اور عوام کے اعتماد کو مزید مضبوط کریں گے۔

