میر چاکر خان رند یونیورسٹی سبی کے طالبات و طلباء کاوزیر اعلیٰ بہار کی جانب سے مسلم لڑکی کا نقاب کھینچنے کیخلاف احتجاج

سبی(این این آئی) میر چاکر خان رند یونیورسٹی سبی میں طالبات و طلباء نے بھارت کی ریاست بہار کے وزیر اعلیٰ کی جانب سے ایک مسلم لڑکی کا نقاب کھینچنے کے واقعے کے خلاف شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔ اس موقع پر یونیورسٹی میں ایک پْرامن احتجاجی ریلی بھی نکالی گئی جس میں طالبات و طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی احتجاجی ریلی یونیورسٹی کیمپس کے مختلف حصوں سے ہوتی ہوئی مرکزی مقام پر اختتام پذیر ہوئی، جہاں طالبات نے خطاب کرتے ہوئے اس واقعے کو مذہبی آزادی، انسانی وقار اور خواتین کے بنیادی حقوق پر کھلا حملہ قرار دیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ بھارت میں مسلمانوں، بالخصوص مسلم خواتین، کے خلاف نفرت، تعصب اور امتیازی سلوک میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جو انتہائی تشویشناک ہے۔مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف نعرے درج تھے۔ شرکاء نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ ایسے واقعات کا فوری اور مؤثر نوٹس لے اور بھارت کو مذہبی آزادی اور انسانی حقوق کی پامالیوں پر جوابدہ بنائے۔احتجاج میں شریک طلباء نے کہا کہ پاکستان کے تعلیمی اداروں کے طلباء مظلوم مسلمانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور کسی بھی صورت مذہبی تضحیک اور خواتین کی بے حرمتی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔آخر میں احتجاجی واک اور مظاہرہ پْرامن طور پر اختتام پذیر ہوا، تاہم شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ بھی مسلم خواتین کے حقوق اور مذہبی آزادی کے تحفظ کے لیے اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں