پسنی: سیکرٹری سوشل ویلفیئر حصمت اللہ قریش کا پبلک ویلفیئر کلب پسنی میں ہونے والے کاموں کا جائزہ۔

پسنی(رپورٹر ) صوبائی سیکرٹری سوشل ویلفیئر حصمت اللہ قریش نے دورۂ پسنی کے دوران پبلک ویلفیئر کلب پسنی کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر ازم آزمان پسنی کے صدر میر قمبر کلمتی نے سیکرٹری سوشل ویلفیئر اور ان کے ہمراہ وفد کو پبلک ویلفیئر ہال، اکرم صاحب خان لائبریری، پبلک ویلفیئر ہال اور ازم آزمان پسنی آفس کا مکمل دورہ کرایا۔

دورے کے دوران سیکرٹری سوشل ویلفیئر نے پبلک ویلفیئر کلب کے قاضی مبارک ہال اور اکرم صاحب خان لائبریری کے سولر سسٹم اور واٹر ٹینکی کے مسئلے کے حل کیلئے متعلقہ ڈپارٹمنٹ سے رابطہ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

دورے کے دوران سیکرٹری سوشل ویلفیئر کو ان اداروں کی مجموعی کارکردگی، عوامی خدمات، تعلیمی سرگرمیوں اور سماجی فلاح کے منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ میر قمبر کلمتی نے بتایا کہ ازم آزمان پسنی عوامی فلاح، نوجوانوں کی رہنمائی، تعلیمی شعور کے فروغ کے حل کے لیے مختلف سطحوں پر سرگرم عمل ہے۔

سیکرٹری سوشل ویلفیئر حصمت اللہ قریش نے اداروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پسنی جیسے ساحلی اور دور دراز علاقے میں سماجی و فلاحی سرگرمیوں کا تسلسل انتہائی خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر کا مقصد نچلی سطح تک عوام کو سہولیات کی فراہمی، مستحق افراد کی مدد اور نوجوان نسل کے لیے مثبت مواقع پیدا کرنا ہے۔

سیکرٹری سوشل ویلفیئر نے افسران کو ہدایت کی کہ پسنی میں جاری اور آئندہ فلاحی منصوبوں کو مزید مؤثر بنایا جائے، عوامی مسائل کے حل کے لیے مقامی اداروں کے ساتھ روابط مضبوط کیے جائیں اور تعلیمی و سماجی سہولیات کے دائرہ کار کو وسیع کیا جائے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت بلوچستان عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ ہر طبقے کو بنیادی سہولیات میسر آ سکیں۔

اس موقع پر محکمہ سوشل ویلفیئر کے سینئر افسران بھی موجود تھے جن میں محمد عیسیٰ (ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر گوادر)، عبید اللہ (سوشل ویلفیئر آفیسر گوادر)، تصدق اسلم اور مول بخش (اسسٹنٹ سوشل ویلفیئر آفیسرز پسنی) شامل تھے۔

آخر میں میر قمبر کلمتی نے سیکرٹری سوشل ویلفیئر اور ان کے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس دورے کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے اور پسنی میں سماجی و فلاحی سرگرمیوں کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں