پشین،امن و امان کی مجموعی صورتحال، جاری و آئندہ ترقیاتی منصوبوں،شہریوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اجلاس

پشین(این این آئی) پشین کے مقامی ریسٹ ہاؤس میں ضلع میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، جاری اور آئندہ ترقیاتی منصوبوں اور شہریوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ایک اہم اور جامع اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلعی انتظامی حکام سمیت منتخب عوامی نمائندوں اور مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں جمعیت علماء اسلام کے رہنما، رکن صوبائی اسمبلی سید ظفر آغا، چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی حاجی اصغر علی ترین، ڈپٹی کمشنر پشین منصور احمد قاضی ونگ کمانڈر کرنل عمیر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) نجم الدین کبزئی، پی ایچ ای کے ایگزیکٹیو انجینئر ندیم احمد پانیزئی، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت منظور احمد درانی، مولوی احسان اللہ اور مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ضلع پشین میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ باہمی تعاون اور مؤثر حکمت عملی کے تحت امن و امان کو مزید بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کریں۔اس کے علاوہ اجلاس میں رواں ترقیاتی منصوبوں کی رفتار، شفافیت اور معیار پر بھی غور کیا گیا۔ شرکاء نے شہریوں کو درپیش بنیادی مسائل، خصوصاً پانی، زراعت، سڑکوں، صحت اور دیگر عوامی سہولیات سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو کی۔ متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی کہ وہ عوامی مسائل کے فوری حل کو یقینی بنائیں اور جاری منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کریں۔اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی مسائل کے حل اور ضلع کی مجموعی ترقی کے لیے تمام ادارے باہمی رابطے اور ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں گے تاکہ پشین کے شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں