کوئٹہ(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و میڈیا سیل کے سربراہ سردارسربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جو ملک کو درپیش سیاسی، معاشی اور عوامی چیلنجز کو بخوبی سمجھتی ہے اور عملی حل پیش کرنے کی بے صلاحیت رکھتی ہے،عوام 28دسمبر کو ہونے والے کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے انتخابی نشان ”تیر“ پرٹھپہ لگاکرانہیں بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں تاکہ کوئٹہ شہر میں جاری ترقی کے عمل کو جاری و ساری رکھا جاسکے۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو پاکستان پیپلز پارٹی میڈیا سیل کے دفترمیں کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے مختلف وارڈز کے امیدواروں سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہی۔سردارسربلند جوگیزئی نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی بلوچستان کی مخلوط صوبائی حکومت وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبے کے عوام کی بلا رنگ و نسل خدمت کر رہی ہے اور صوبے کے تمام علاقوں میں یکساں بنیادوں پر ترقیاتی فنڈز فراہم کئے گئے ہیں جس سے عوام کوبنیادی سہولیات کی فراہمی میں مدد ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ہونے والے عام انتخابات کے بعدبلدیاتی انتخابات میں بھی پیپلزپارٹی ایک بڑی سیاسی جماعت بن کر سامنے آئی اب انشاء اللہ 28دسمبر کو ہونے والے کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں بھی پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے اور کوئٹہ کے ٹاؤنز چیئرمین اور میئر کوئٹہ بھی پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالے ہونگے۔ انہوں نے کہاکہ عوام 28دسمبر کو کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدواروں کے انتخابی نشانہ ”تیر“ پرٹھپہ لگاکر انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں تاکہ کوئٹہ میں ترقی کے عمل کے تسلسل کو جاری رکھا جاسکے انشاء اللہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کو مایوس نہیں کریگی۔ انہوں نے کارکنوں پر بھی زوردیا کہ وہ بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کیلئے پارٹی امیدواروں کی ڈور ٹو ڈور انتخابی مہم چلائیں۔

