شعیب نوشیروانی عوام کی بلا رنگ و نسل خدمت کررہے ہیں، بلوچستان کے اگلے وزیراعلیٰ وہی ہونگے،سیدجہانگیرشاہ

کوئٹہ(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی رہنما سید جہانگیرشاہ نے کہا ہے کہ صوبائی وزیر میر شعیب نوشیروانی اور صوبائی وزیر ریونیو میر عاصم کردگیلو عوام کی بلا رنگ و نسل خدمت کررہے ہیں صوبائی حکومت کے اڑھائی سال پورے ہونے کے بعد صوبائی وزیر میر شعیب نوشیروانی بلوچستان کے اگلے وزیراعلیٰ ہونگے،پاکستان مسلم لیگ(ن) کے قائد و سابق وزیراعظم میاں نوا ز شریف نے بھی یقین دہانی کرائی ہے کہ آئندہ اڑھائی سال کیلئے بلوچستان کا وزیراعلیٰ پارٹی کارکنوں کی مشاورت سے نامزد کیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو مسلم لیگ(ن) کے سینئر کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔سید جہانگیر شاہ نے کہا کہ بلوچستان میں مخلوط صوبائی حکومت کے قیام کے دوران پاکستان مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت کے درمیان اڑھائی اڑھائی سال کیلئے وزرات اعلیٰ کا معاہدہ ہوا تھا 2026ء میں پیپلز پارٹی کی وزرات اعلیٰ کے اڑھائی سال پورے ہورہے ہیں جس کے بعد اگلے اڑھائی سال بلوچستان کا وزیراعلیٰ مسلم لیگ(ن) سے ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے اکثر کارکنوں نے وزارت اعلیٰ کیلئے مسلم لیگ(ن) کے رہنما و صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی کے حق میں فیصلہ دیدیا ہے کیونکہ میر شعیب نوشیروانی عوام کی بلا ورنگ و نسل خدمت کررہے ہیں اورانہوں نے اپنے حلقہ انتخاب میں بھی ریکارڈترقیاتی کام کرائے ہیں انکی کارکردگی سے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے کارکن خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ آنے والے اڑھائی سال کیلئے بلوچستان کے وزیراعلیٰ میر شعیب نوشیروانی ہونگے جلد ہی مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنماوں اورکارکنوں کا ایک وفد سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے ملاقات کرکے انہیں وزارت اعلیٰ کیلئے دوبارہ میر شعیب نوشیروانی کانام دے گا اگر پارٹی نے کسی دوسرے رکن اسمبلی کو وزیراعلیٰ نامزد کرنے کی کوشش کی تو وہ کارکنوں کو قابل قبول نہیں ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں