یو اے ایف کے ڈاکٹر ذوالفقار علی کو پاک چائنہ فرینڈشپ ایوارڈ 2025 سے نواز دیا گیا

لاہور(این این آئی)یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد (ہو اے ایف) کے وائس چانسلر اور یو اے ایف میں قائم کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین، پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی کو گورنر ہاؤس لاہور میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران چینی قونصل جنرل کی جانب سے پاک چائنہ فرینڈشپ ایوارڈ 2025 سے نوازا گیا۔گوادر پرو کے مطابق یہ ایوارڈ پاکستان اور چین کے درمیان تعلیمی، ثقافتی اور تحقیقی تعلقات کو فروغ دینے میں ڈاکٹر ذوالفقار علی کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیا گیا، خصوصاً ان اقدامات کے باعث جنہوں نے تعلیمی تعاون، زبانوں کے تبادلے اور عوامی روابط کو مضبوط بنایا۔یو اے ایف کے ایک بیان میں کہا گیا کہ یہ اعزاز نہ صرف یو اے ایف میں ان کی بصیرت افروز قیادت کا مظہر ہے بلکہ پاکستان اور چین کے درمیان آہنی دوستی کی بھی عکاسی ہے،بیان میں چینی اداروں کے ساتھ یونیورسٹی کی بڑھتی ہوئی شراکت داری اور کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے کردار کو بھی اجاگر کیا گیا، جو پاکستان بھر میں چینی زبان اور ثقافت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ڈاکٹر ذوالفقار علی کی قیادت میں چینی جامعات اور تحقیقی اداروں کے ساتھ اسٹریٹجک تعاون کو فروغ ملا، جس کے نتیجے میں مشترکہ تحقیقی منصوبے، طلبہ کے تبادلے کے مواقع اور زرعی شعبے میں ٹیکنالوجی کے تبادلے کو تقویت ملی، جو دونوں ممالک کے مشترکہ ترقیاتی اہداف کے لیے نہایت اہم ہے۔پاک چائنہ فرینڈشپ ایوارڈ اْن شخصیات کو دیا جاتا ہے جو دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط، تعلیمی تعاون اور ثقافتی ہم آہنگی اور تعاون بالخصوص تعلیم اور ثقافتی تبادلے جیسے شعبوں کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کریں،یہ لوگ پاک چین دیرینہ تعلقات کے بنیادی ستون ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں