لورالائی: غیر حاضر اساتذہ کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان، ڈی ڈی ای اوز کو شوکاز نوٹسز

لورالائی(میاں محمد عامر بشیر آرائیں) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو) محمد اسماعیل منیگل نے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم میں بہتری لانے کے لیے سخت کارروائی وقت کی اہم ضرورت ہے اور غیر حاضر اساتذہ کے خلاف کارروائی نہ کرنے والے ملازمین اور ڈی ڈی ای اوز کو شوکاز نوٹسز جاری کیے جائیں گے۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کے واضح احکامات کے باوجود ایک ماہ گزرنے کے بعد بھی عملی اثرات مرتب نہ ہونا ناقابل قبول عمل ہے جس پر کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ غیر حاضر اساتذہ کو شوکاز نوٹسز جاری کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی تنخواہوں میں کٹوتی کی جائے جبکہ عارضی بنیادوں پر تعینات اساتذہ کو فوری طور پر فارغ کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محمد مدثر، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (فیمیل) فویہ درانی ،خزانہ آفیسر، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسران، سمیت دیگر متعلقہ افسران شریک تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد اسماعیل منیگل نے کہا کہ اساتذہ کی حاضری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے کیونکہ بچوں کا مستقبل اساتذہ کی ذمہ داری اور حاضری سے جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسکولوں میں غیر حاضری اور غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور فیلڈ مانیٹرنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام تعلیمی اداروں کے سربراہان اپنی ذمہ داریاں ایمانداری اور دیانت داری سے نبھائیں اور روزانہ کی بنیاد پر حاضری کی رپورٹس پیش کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بلوچستان تعلیم کے شعبے میں بہتری کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے تاہم ان اقدامات کے مثبت نتائج اسی وقت سامنے آئیں گے جب متعلقہ افسران اور اساتذہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں