کوئٹہ( پ ر) نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء اور بلوچستان اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر میر رحمت صالح بلوچ نے کرسمس کے پُرمسرت موقع پر مسیحی برادری کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرسمس امن، محبت، بھائی چارے، قربانی اور انسانیت سے وابستگی کا پیغام لے کر آتا ہے یہ موقع نہ صرف مسیحی برادری کے لیے خوشی کا دن ہے بلکہ پوری انسانیت کو رواداری، احترام، اور باہمی ہم آہنگی کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق، مذہبی آزادی، اور مساوات کی حامی رہی ہے ہمارا نظریہ ایک ایسا جمہوری معاشرہ تشکیل دینا ہے جہاں ہر فرد کو رنگ، نسل، مذہب اور زبان کی بنیاد پر نہیں بلکہ اس کی صلاحیت اور حب الوطنی کی بنیاد پر مقام ملے انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری نے بلوچستان کی تعمیر و ترقی میں بے مثال خدمات انجام دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ اقلیتیں ہمارے معاشرتی، ثقافتی اور جمہوری ڈھانچے کا اہم اور ناقابلِ تنسیخ حصہ ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان تب ہی ترقی کر سکتا ہے جب تمام شہریوں کو برابر کے حقوق، تحفظ، اور مواقع حاصل ہوں، انہوں نے مسیحی برادری کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل پارٹی ہر سطح پر اقلیتوں کے ساتھ کھڑی رہے گی۔

