گڑھی خدابخش(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل محمد ہمایوں خان گڑھی خدابخش پہنچے، جہاں انہوں نے دخترِ مشرق، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر محمد ہمایوں خان نے قائدِ عوام، شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مزار پر بھی حاضری دی اور ان کی لازوال جدوجہد کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔سیکرٹری جنرل محمد ہمایوں خان نے شہید میر مرتضیٰ بھٹو اور شہید میر شاہنواز بھٹو کے مزارات پر بھی پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور فاتحہ خوانی کی۔محمد ہمایوں خان نے شہدائے جمہوریت کے مزارات پر ملک کی سلامتی، عوامی خوشحالی، جمہوریت کے استحکام اور آئین کی بالادستی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔ دریں اثناء پاکستان پیپلز پارٹی سیکرٹری جنرل محمد ہمایوڈخان کی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی پر پارٹی رہنماؤں، عہدیداروں اور کارکنوں سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش میں پارٹی رہنماؤں، عہدیداروں اور کارکنوں سے ملاقاتیں کیں۔محمد ہمایوں خان نے گڑھی خدا بخش میں ملک بھر سے آئے ہوئے مختلف پارٹی کیمپوں کا دورہ کیا اور کارکنوں سے ملاقات کر کے ان کے مسائل سنے۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنماؤں، عہدیداروں اور کارکنوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ہمایوں خان نے ملک بھر سے آنے والے جیالوں کے جذبے، استقامت اور پاکستان پیپلز پارٹی سے والہانہ وابستگی کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ جیالوں کی قربانیاں اور نظریاتی وابستگی ہی پارٹی کی اصل طاقت ہیں۔ہمایوں خان نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو مزید منظم، فعال اور عوامی قوت بنایا جائے گا تاکہ شہید قائدین کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔اس موقع پر پارٹی کارکنوں کی جانب سے ”جئے بھٹو، جئے بلاول“کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے اور بھرپور جوش و جذبے کا اظہار کیا گیا۔

