سرفراز بگٹی کی بطور بگٹی چیف نامزدگی بگٹی قبائل کے اعتماد کا مظہر ہے،چنگیز خان جمالی

کوئٹہ (این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے سابق صوبائی صدر اور سابق وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میر چنگیز خان جمالی نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز خان بگٹی کو بگٹی قبائل کی جانب سے نیا چیف نامزد کیے جانے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔میر چنگیز خان جمالی نے اپنے تہنیتی بیان میں کہا کہ سرفراز خان بگٹی کی بطور چیف نامزدگی دراصل بگٹی قبائل کے بھرپور اعتماد، اتحاد اور قبائلی روایات سے وابستگی کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ اس امر کی عکاسی کرتا ہے کہ قبائل نے قیادت کے لیے ایسے شخص کا انتخاب کیا ہے جو سیاسی بصیرت، انتظامی صلاحیت اور عوامی خدمت کا وسیع تجربہ رکھتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ میر سرفراز خان بگٹی کی قیادت، دانشمندانہ فیصلے اور بلوچستان کے عوام کے لیے خدمات نہ صرف صوبے بلکہ قبائلی سطح پر بھی قابلِ قدر رہی ہیں۔ بطور چیف بگٹی ان کی ذمہ داری مزید بڑھ گئی ہے، جسے وہ یقیناً قبائلی اقدار، انصاف، روایات اور عوامی فلاح کے اعلیٰ اصولوں کے مطابق نبھائیں گے۔میر چنگیز جمالی نے اس امید کا اظہار کیا کہ چیف بگٹی کی حیثیت سے سرفراز خان بگٹی بگٹی قبائل کے وقار، اتحاد اور باہمی ہم آہنگی کو مزید مستحکم کریں گے اور نوجوان نسل کی رہنمائی میں مثبت کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط قبائلی قیادت ہی بلوچستان میں پائیدار امن اور ترقی کی ضمانت بن سکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں