کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کینیڈا چیپٹر کے زیرِ اہتمام سابق وزیرِ اعظمِ پاکستان اور شہید قائد محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر ایک پُروقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں کینیڈا بھر میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہوئے عظیم جمہوری رہنما کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کینیڈا کے صدر جاوید گجر اور پارٹی کے سینئر رہنما فرید خان ابڑو نے کہا کہ عالمِ اسلام کی پہلی خاتون وزیرِ اعظم ہونے کا اعزاز شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نام ہے۔ ان کی عظیم شخصیت پر روشنی ڈالنا سورج کو چراغ دکھانے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت، آئین کی بالادستی اور عوامی حقوق کے لیے محترمہ بینظیر بھٹو کی لازوال قربانیوں کو تاریخ ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھے گی۔مقررین نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا عزم، حوصلہ اور قربانی ایک مثالی کردار ہے جو آج بھی تمام جیالوں کو حوصلہ اور جِلا بخشتا ہے۔ حالات چاہے کتنے ہی نامساعد کیوں نہ ہوں، نظریے سے روگردانی ممکن نہیں، چاہے اس کی قیمت اپنی جان کی قربانی ہی کیوں نہ ہو۔ شہید قائد نے اس فلسفے کو عملی جامہ پہنایا اور ثابت کیا کہ قیادت قربانی مانگتی ہے، سہولت نہیں۔انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو ایک حقیقی عوامی لیڈر تھیں جنہوں نے بند کمروں کی سیاست کے بجائے میدان میں آ کر کارکنان کی قیادت کی۔ انہوں نے کبھی بھی اپنی جان کی پروا نہیں کی اور ہر مشکل مرحلے پر عوام اور پارٹی کے ساتھ کھڑی رہیں۔ ان کی شہادت آج بھی دلوں کو غمگین کر دیتی ہے مگر ان کا ویژن آج بھی زندہ ہے۔مقررین نے مزید کہا کہ آج شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے اسی ویژن پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری گامزن ہیں۔ پارٹی کارکنوں اور عوام کی امیدیں بلاول بھٹو زرداری سے وابستہ ہیں کہ وہ ملک کو اس مقام تک لے کر جائیں گے جس کا خواب شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے دیکھا تھا اور جس کے لیے انہوں نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔اس موقع پر میر عمر ابڑو، شہید نجیب احمد کے برادرِ نسبتی منصور مرزا، پیپلز پارٹی کینیڈا کے سابق صدر ابراہیم دانیال، جنرل سیکریٹری عرفان بابا، جنرل سیکریٹری ٹورنٹو حیدر علی، اختر سعید، پرویز ثریا، سید معیز، محبوب علی شیخ، ذیشان شیخ، محمد مزمل، سعد علی خان سمیت پارٹی کے دیگر عہدیداران اور کارکنان نے بھی خطاب کیا اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جدوجہد، قربانیوں اور جمہوری خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

