لاہور(این این آئی)شوبز شخصیات نے پاکستانی قوم کو نئے سال کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں اللہ تعالی کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ اس نے ہمیں ایک اور نیا سال دیکھنے کا موقع عطا ء فرمایا۔اداکار ہمایوں سعید، احسن خان، قیصر نظامانی، فضیلہ قیصر، حیدر سلطان،سعدیہ امام،نسم وکی، افتخار ٹھاکر، روبی انعم، گلوکارہ میگھا، عینی طاہرہ، ولی حامد،حمیر اارشد اورشبنم مجید نے اپنے بیانات میں کہا کہ دعا گو ہیں کہ آنے والا نیا سال وطن عزیز پاکستان کے لیے امن، استحکام، خوشحالی اور ترقی کا سال ثابت ہو،یہ سال ملک کے نوجوانوں، محنت کشوں، فنکاروں، طلبہ اور ہر طبق فکر کے لیے کامیابیوں، خوشیوں اور نئی امیدوں کا پیغام لے کر آئے۔شوبز شخصیات نے کہا کہ ہماری دعا ہے کہ نیا سال نفرتوں کے خاتمے، محبت کے فروغ، بھائی چارے، اتحاد اور باہمی احترام کا سبب بنے،اللہ تعالی قوم کو درپیش تمام مشکلات اور چیلنجز سے نجات عطا فرمائے اور ہمیں مل جل کر ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کی تعمیر کی توفیق دے۔شوبز شخصیات نے کہا کہ فن و ثقافت کے میدان میں ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہم مثبت، معیاری اور بامقصد کام کے ذریعے اپنے ملک کا نام روشن کرتے رہیں گے اور قوم کی خوشیوں میں اضافہ کریں گے۔

