لاہور(این این آئی) سینئر اداکار جاوید شیخ نے انکشاف کیا ہے کہ اداکار بننے کے لئے گھر سے بھا گا تھا لیکن ٹرین چلنے سے پہلے والد نے ڈھونڈ لیا۔جاوید شیخ نے بتایا کہ میں نے گھر سے 100 روپے لیے اور دوستوں کے ساتھ لاہور کے لئے روانہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ تانگہ کروا کر سیدھا ریلوے اسٹیشن پہنچ گیا، ٹکٹ کٹوا کر ٹرین میں بیٹھے ہوئے تھے اور لاہور اداکار بننے کے لئے جارہے تھے کہ،میرے والد حلوائی کی دکان کے پاس سے گزرے تو حلوائی نے والد صاحب کو کہا کہ آپ کا بیٹا آیا تھا اس کے پاس 100 کا نوٹ تھا۔جاوید شیخ نے بتایا کہ میرے والد صاحب گھر پر آئے اور اپنے پیسے چیک کیے تو اس میں 100 کا نوٹ نہیں تھا، انہوں نے کچھ دوستوں کو بس اسٹینڈ اور کچھ کو تانگہ اسٹینڈ کی طرف بھجوایا،خود وہ دو دستوں کو لے کر ریلوے اسٹیشن آئے اس وقت ٹرین کھڑی تھی اوروالد نے مجھے ڈھونڈ لیا۔انہوں نے بتایا کہ ہم چار دوست ٹرین میں بیٹھ کر لاہور جارہے تھے اور تصور میں خود کو ہیرو سمجھ رہے تھے، اتنے میں والد کا ہاتھ میری گردن پر آیا۔جاوید شیخ نے کہا کہ اس کے بعد مجھے ہوش نہیں تھا، میں گھر پر الٹا لٹکا ہوا تھا اور مجھے درے پڑ رہے تھے، والد مجھے مار رہے تھے اوریہ میرا اداکار بننے کا پہلا تجربہ تھا۔

