کوئٹہ(این این آئی) ایس او ایس چلڈرن ولیج کے زیرِ کفالت بچوں نے نئے سال کا آغاز نہایت خوشگوار، پْرمسرت اور محبت بھری تقریب کے ساتھ کیا۔ اس موقع پر بچوں کی خوشیوں میں اضافہ کرنے کے لیے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایات پر بچوں کے لیے کیک اور تحائف بھجوائے گئے، جس سے تقریب کی رونقیں دوبالا ہو گئیں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ بچے کسی بھی قوم کا سب سے قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں اور ان کی فلاح، تعلیم، صحت اور خوشیوں کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے انہوں نے کہا کہ ایس او ایس چلڈرن ولیج جیسے فلاحی ادارے معاشرے کے مستحق اور بے سہارا بچوں کے لیے امید کی کرن ہیں اور صوبائی حکومت ان اداروں کے ساتھ تعاون کو مزید مؤثر اور مضبوط بنائے گی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ نئے سال کا آغاز بچوں کی مسکراہٹوں کے ساتھ کرنا اس عزم کی تجدید ہے کہ بلوچستان حکومت بچوں کی فلاح و بہبود، محفوظ ماحول اور روشن مستقبل کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لاتی رہے گی وزیر اعلیٰ نے دعا کی کہ نیا سال بچوں سمیت پوری قوم کے لیے امن، خوشحالی اور ترقی کا پیامبر ثابت ہو۔ تقریب کے اختتام پر بچوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان کی خصوصی توجہ اور شفقت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

