کوئٹہ /اسلام آباد(این این آئی)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، سینیٹر سیدال خان سے پارلیمنٹ ہاؤس میں مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے وفود نے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں ڈاکٹرز، وکلا، طلبہ، سماجی ورکرز، سول سوسائٹی کے نمائندے، قبائلی عمائدین، نامور کاروباری شخصیات، تاجر اور سرمایہ کار شامل تھے۔اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر ملک میں ترقی، خوشحالی اور سماجی روابط کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے تمام اداروں، صوبائی اور وفاقی حکومت کے مابین ہم آہنگی اور باہمی تعاون ناگزیر ہے۔ اسی اشتراکِ عمل کے ذریعے پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔سینیٹر سیدال خان نے کہا کہ موجودہ حکومت تمام اسٹیک ہولڈرز اور اداروں کو ساتھ لے کر آگے بڑھ رہی ہے، جس کے مثبت اثرات عوام عملی طور پر محسوس کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، جن میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی ایک اہم قدم ہے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستانی عوام خوشحال ہو کر ترقی یافتہ ممالک کے شہریوں کی طرح بنیادی سہولیات سے بھرپور انداز میں مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں پائیدار ترقی کے لیے سول سوسائٹی کو بھی آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور معاشرے میں ہم آہنگی اور مثبت سوچ کو فروغ دینا ہوگا۔انہوں نے طلبہ، وکلا، ڈاکٹرز اور سوشل سیکٹر کے نمائندوں سے اپیل کی کہ وہ ملکی ترقی و خوشحالی میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔ طلبہ تعلیم حاصل کر کے روزگار کے مواقع پیدا کریں، وکلا اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے معاشرتی اصلاحات میں کردار ادا کریں جبکہ ڈاکٹرز عوامی صحت کی خدمات کو مزید مؤثر بنا کر ملک کی بہتری میں اپنا حصہ ڈالیں۔وفود نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی قیادت اور حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ملکی ترقی کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

