کوئٹہ(این این آئی)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ نئے سال کی شروعات کے ساتھ ہی بلوچستان میں خواتین اور طالبات کے لیے پنک بس سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، جس کا مقصد صوبے میں خواتین کی روزمرہ آمد و رفت کو محفوظ، باوقار اور سہل بنانا ہے۔وزیر اعلیٰ نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ پنک بس سروس ایک اہم سماجی اصلاحی اقدام ہے، جو خواتین اور طالبات کو تعلیم، روزگار اور صحت کی سہولیات تک باآسانی رسائی فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ خواتین کے لیے محفوظ ٹرانسپورٹ نظام صوبائی حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کا ایک نمایاں اور بنیادی حصہ ہے میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ پنک بس سروس کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے اور آئندہ مرحلے میں اس سہولت کا دائرہ صوبے کے دیگر اضلاع تک بھی پھیلایا جائے، تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین اس سے مستفید ہو سکیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبائی حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے عملی اور مؤثر اقدامات کر رہی ہے اور پنک بس سروس اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، جو خواتین کے تحفظ، خودمختاری اور معاشرتی شمولیت کو فروغ دے گی۔

